پرائیویٹ سودی نظام کے خاتمے کیلئے حکومت گلگت بلتستان نے قانون سازی کی ہے ۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ صوبے سے پرائیویٹ سودی نظام کے خاتمے کیلئے حکومت گلگت بلتستان نے قانون سازی کی ہے ۔ پرائیویٹ سود کا کاروبار کرنے والوں کی نشاندہی کریں اور متعلقہ تھانے میں اطلاع دیں تاکہ معاشرے کو سود کے لعنت سے پاک کیا جاسکے۔ علمائے کرام اور اکابرین سودی نظام کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کریں جمعہ کے خطبات میں عوام تک پرائیویٹ سودی کاروبار کو قابل جرم بنایا گیا ہے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے اس حوالے سے بات کریں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سیکرٹری سوشل ویلفیئر کو ہدایت کی ہے کہ علماء ، اکابرین اور دانشوروں سے اس حوالے سے خصوصی ملاقاتیں کریں۔ صوبے میں ضرورت مند افراد کیلئے وزیر اعلیٰ بلاسود قرضے اخوت کے تحت فراہم کئے جارہے ہیں۔ عوام زیادہ سے زیادہ اس منصوبے سے فائدہ اٹھائیں۔ معاشرے کے خصوصی افراد کو باعزت زندگی گزارنے کیلئے مختلف پروگرامز کا اجراء جلد از جلد کیا جارہاہے اس حوالے سے سیکرٹری سوشل ویلفیئر کو ہدایت کی ہے کہ مختلف اضلاع سے موصول ہونے والے خصوصی افراد کا ڈیٹا کو جلد از جلد حتمی شکل دیں ۔ مختلف اضلاع سے خصوصی افراد کو سوشل ویلفیئر محکمے کو بھیجے جانے والے ڈیٹا میں شامل نہ کرنے کے حوالے سے شکایات موصول ہورہی ہیں جو لوگ خصوصی افراد کا ڈیٹا مرتب کرنے کے دوران رہ گئے ہیں وہ 25مارچ تک متعلقہ ضلع کے سوشل ویلفیئر دفتر سے رابطہ کریں اور اپنی رجسٹریشن کرائیں۔ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے حوالے سے قانو ن سازی کابینہ اجلاس میں کی جارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے خصوصی افراد کے مسائل کو حل کرنے کیلئے محکمہ سوشل ویلفیئر کو فوکل ڈیپارٹمنٹ مقرر کیا ہے اس کا بہت جلد نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سیکرٹری سوشل ویلفیئر کی جانب سے ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے دیئے جانے والے بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے خودکشیوں کے واقعات کی روک تھام کیلئے قائم ہیلپ لائن اور ممبر کونسلز کی تقرری کے اقدامات کو بھی سراہا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ سوشل ویلفیئر کا محکمے کا کنٹرول وفاق کے پاس ہے صوبے میں منتقلی کے حوالے سے درکار قانون سازی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے گلگت بلتستان کے عوام کو آٹے کے حصول کے حوالے سے درپیش مشکلات کے خاتمے کیلئے محکمہ خوراک کی جانب سے سیل پوائنٹس پر بورڈ آویزاں کرنے اور ڈیٹا رجسٹر لازمی قرار دینے کے اقدام کو سراہتے ہوئے سیکرٹری خوراک کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو معیاری آٹے کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ مختلف ملوں اور سیل پوائنٹس کا معائنہ کریں اور معیاری آٹے کی فراہمی یقینی بنائیں۔ صوبائی حکومت کی خصوصی اقدامات کی وجہ سے 20 ہزار گندم کی اضافی بوریاں ریلیز کی گئی ہیں جس کا استعمال مختلف علاقوں کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے۔ آٹے کی بلیک مارکیٹنگ اور سمگلنگ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ آٹے کی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے محکمہ خوراک کی کارکردگی قابل تحسین ہے جس کو مزید موثر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ غیرمعیاری آٹے کی فراہمی اور سیل پوائنٹ پر تفصیلات آویزاں نہ کرنے والوں کیخلاف متعلقہ محکمے کو شکایت کی جائے تاکہ محکمہ خوراک کا عملہ غیرمعیاری آٹا فروخت کرنے والے اور معلومات آویزاں نہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرسکیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سیکرٹری خوراک کی جانب سے ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ آٹے کے ترسیل کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور معیاری آٹے کی فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ سیکرٹری خوراک نے اس موقع پر کہاکہ محکمہ خوراک کے پاس تمام ا ضلاع میں ایک مہینے کا سٹاک موجود ہے جس سے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں آٹے کا کوئی بحران پیدا نہیں ہوگا۔

Sharing is caring!

About admin

Daily Mountain Pass Gilgit Baltistan providing latest authentic News. Mountain GB published Epaper too.