سکردوروڈکا ٹینڈرمنسوخ کرکے عوام کے زخموں پرنمک پاشی کی گئی،اسلامی تحریک

اسلامی تحریک پاکستان نے کہا ہے کہ گلگت سکردو روڈ کا ٹینڈر منسوخ کر کے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کی گئی، اسلام آباد میں اہم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسلامی تحریک کے رہنمائوں شیخ مرزا علی، دیدار علی، رکن اسمبلی محمد علی شیخ، چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی کیپٹن(ر) سکندر علی نے کہا کہ گلگت سکردو روڈ کو فوری طور پر سی پیک میں شامل کیا جائے۔ منصوبے کو لٹکانے سے عوام میں غم و غصہ بڑھ رہا ہے اور یہ حکومت کیلئے اچھی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا مطالبہ آئینی صوبہ ہے کشمیر طرز کا سیٹ اپ سیکنڈ آپشن ہے، اسلامی تحریک آئینی جدوجہد کیلئے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر رہی ہے ہم پرامن طریقے سے اور آئینی و قانونی حدود میں رہتے ہوئے جدوجہد کریں گے تاہم معاملہ حل نہ ہوا اور عوام کے مطالبات پر کان نہ دھرا گیا تو سڑکوں پر بھی نکلیں گے ، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو حقوق دینے کیلئے بھارت نے اپنے آئین میں باقاعدہ ترامیم کیں اس وقت اقوام متحدہ کی قراردادوں کو کوئی فرق نہیں پڑا گلگت بلتستان کو بھی آئینی حقوق دینے کیلئے آئین میں ترمیم کی جائے عوام کی آواز کو دبانے کی کوشش کی گئی تو حکومت کو مشکلات پیدا ہوں گی انہوں نے کہا کہ کشمیر سے گلگت بلتستان کا کوئی تعلق نہیں مسئلہ کشمیر کی آڑ میں گلگت بلتستان کو اپنے حقوق سے محروم رکھنا ظلم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا گیٹ وے ہے سی پیک میں نظرانداز کرنے کی کوئی گنجائش ہی نہیں۔ گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دیئے جاتے تو آج ملک میں توانائی کا بحران نہ ہوتا کیونکہ گلگت بلتستان میں وسیع آبی ذخائر ہیں جن کو استعمال میں لا کر پورے ملک کو سستی بجلی فراہم کی جا سکتی ہے، سی پیک میں گلگت بلتستان میں دو اکنامک زون بنائے جائیں گلگت ایئرپورٹ کی توسیع اور سکردو ایئرپورٹ کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا درجہ دیا جائے انہوں نے کہا کہ قومی دھارے میں شامل ہونے کیلئے ہم تمام جماعتوں سے امید رکھتے ہیں کہ وہ تمام تر اختلافات سے بالاتر ہو کر یکجہتی کا مظاہرہ کریں گے۔

Sharing is caring!

About admin

Daily Mountain Pass Gilgit Baltistan providing latest authentic News. Mountain GB published Epaper too.