دیامر میں شرح خواندگی میں اضافہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے سیکریٹری تعلیم

اس مقصد کے حصول کیلئے ہم انسانی وسائل ، مالی وسائل اور معیار میں اضافہ کر رہے ہیں،نجیب عالم
سیکریٹری تعلیم کا چلاس گرلز انٹر کالج کا دورہ ، اِمسال کالج کو مکمل طور پر کالج انتظامیہ کے حوالہ کیا جائے گا
گلگت (مونٹین پاس نیوز) ضلع دیامر میں شرح خواندگی اور تعلیم میں اضافہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ اس سلسلے میں محکمہء تعلیم گلگت بلتستان ضلع دیامر پر خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے ۔اس نیک مقصد کے حصول کے لیے ہم انسانی وسائل ، مالی وسائل اور معیار میں اضافہ کر رہے ہیں ۔ہمیں مکمل یقین ہے کہ آنے والے وقتوں میں ضلع دیامر میں شرح خواندگی اور تعلیم کو بڑھانے کا خواب شرمندہء تعبیر ہو گا۔ اِن خیالات کا اظہار سیکریٹری تعلیم گلگت بلتستان نجیب عالم صاحب نے چلاس کے دورے کے دوران تعلیمی اداروں کے سربراہان اور نظامتِ تعلیمات دیامر/ استورکے اہلکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اُنہوں نے نظامتِ تعلیمات دیامر/ استور، گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج چلاس، گورنمنٹ گرلز انٹر کالج چلاس اور ماڈل سکول چلاس کا تفصیلی دورہ کیا۔سیکریٹری تعلیم کے دورہء چلاس میں ڈائریکٹر جنرل سکولز گلگت بلتستان مجید خان صاحب اور ڈائریکٹر ایجوکیشن کالجز گلگت بلتستان پروفیسر منظور کریم صاحب اُن کے ہمراہ تھے۔نظامتِ تعلیمات ،کالجز اور سکولز کے ذمہ دار سرکاری اہلکاروں نے گلگت سے آئے ہوئے سرکاری اہلکاروں کا روایتی انداز میں بھر پور استقبال کیا۔ گرلز کالج چلاس کے دورے کے دوران سیکریٹری تعلیم نے کلاسوں کا دورہ کیا۔ طالبات نے مکمل خود اعتمادی کے ساتھ اپنے مطالبات پیش کئے۔ سیکریٹری تعلیم نے مسائل اور مطالبات کے حل کے لیے موقع پر ہدایات جاری کیں ۔کالج کے بہترین رزلٹ پر ذمہ داران کی کاوشوں کو خوب سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس کالج کو ڈگری کالج کا درجہ دیا گیا ہے۔ جو کہ علاقے کے لئے باعثِ رحمت ہے۔ انہوں نے محکمہء تعلیم کے ٹیکنیکل سیل کے ذمہ دار اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ جلد از جلد تعمیراتی کام کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر سیکریٹری تعلیم نے یہ فیصلہ کیا کہ اِمسال نئے سیشن سے گرلز کالج چلاس کو مکمل طور پر کالج انتظامیہ کے حوالہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز نے ضلع دیامر کے کالجز میں درس و تدریس کے حوالے سے مثالی تعاون کرنے پر نظامتِ تعلیمات گلگت بلتستان (سکولز) کے ذمہ داران، نظامتِ تعلیمات دیامر/ استور کے اہلکاروں اور اساتذہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ سیکریٹری تعلیم نے ماڈل سکول چلاس کا دورہ بھی کیا اور مجموعی ماحول اور تعلیمی ماحول کی تعریف کی اور ساتذہ اور انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر اس ماڈل سکول کو گلگت بلتستان کے لیے ایک مثالی سکول بنائیں گے۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ 23 مارچ کو وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اس ماڈل سکول کا افتتاح کریں۔ سیکریٹری تعلیم کے نظامتِ تعلیمات کے دورے کے دوران بتایا گیا کہ دیامر/ استور کے سکولوں کے داخلے میں دس ہزار طلباء و طالبات کا اضافہ ہوا ہے ۔ جس پر انہوں نے طمانیت کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اہلکاروں کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے بوائز ڈگری کالج چلاس کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر کچھ مسائل کی نشاندہی کی گئی تو سیکریٹری تعلیم نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ٹرانسفر،پوسٹنگ کے لیے ایک پالیسی بنا رہے ہیں تاکہ ایک پالیسی کے تحت یہ عمل سر انجام دیا جا سکے۔ دورے کے دوران گورنمنٹ انٹر کالج تانگیر کے پرنسپل نے بھی سیکریٹری تعلیم کو کالج کے معاملات سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہاکہ تانگیر کالج کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ چلاس کے دورے کے موقع پر سیکریٹری تعلیم، ڈی۔جی سکولز اور ڈائریکٹر کالجز نے نطامتِ تعلیمات چلاس میں پودے لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا اورسیکریٹری تعلیم نے نظامتِ تعلیمات دیامر/ استور کے دفتر کا افتتاح بھی کیا۔

Sharing is caring!

About admin

Daily Mountain Pass Gilgit Baltistan providing latest authentic News. Mountain GB published Epaper too.