گلگت بلتستان کو پاکستان کا مثالی انتظامی ماڈل بنائیں گے,شمس میر

مشیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر نے میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو پاکستان کا مثالی انتظامی ماڈل بنائیں گے ۔چھوٹے اضلاع اور سب ڈویژنز کی تخلیق سے عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل ہونگے اور سماجی ترقی کا پہیہ تیز ترین ہوگا۔شمس میر نے کہا ہے کہ مسلم ن کی صوبائی حکومت نے ہنزہ،نگر،شگر اور کھرمنگ کے نئے اضلاع بنائے اور انہیں فنکشنل کرکے دکھادیا۔آج وہاں تمام انتظامی ادارے خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور نئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز تکمیل کے مرحلے پر ہیں ۔داریل اور تانگیر کے دو نئے اضلاع کو بھی فنکشنل کر کے دکھائیں اور مزید اضلاع بھی جلد بنائیں گے ۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت تعمیر و ترقی کے عملی برانڈ کا نام ہے۔شمس میر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا چار کا ٹولہ سکردو روڈ،بلتستان یونیورسٹی ،میڈیکل، انجینئرنگ، ٹیکنیکل کالجز،امراض قلب اور کینسر ہسپتال،ویسٹ منیجمنٹ، استور،نلتر روڈ،ایم آر آئی مشین،ہیلتھ انشورنس کارڈ اور ہمارے دیگر منصوبوں کو بھی ناممکنات کہتا تھا اور عوام سے جھوٹ بولتا تھا لیکن ہم نے ہر ہر منصوبے کو ممکن بناکر دکھایا۔آج ہمارا ہر ہر منصوبہ زمینی حقیقت ہے اور مخالفین کے منہ پر کھرا تمانچہ  ہے ۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ سلطانہ گینگ نے اپنے دور حکومت میں اپنی ناقص کارکردگی سے گلگت بلتستان کو ناقابل تلافی نقصان سے دوچار کردیا تھا۔گلگت میں بدترین کرپشن ،حکومتی اور انتظامی بحران نے یہاں کی ساکھ کو بری  طرح متاثر کیا۔پیپلز پارٹی کے سابقہ دور حکومت میں گلگت بلتستان بدامنی کا گھڑھ کہلاتا تھا اور مقامی لوگ یہاں سے ہجرت کررہے تھے جبکہ آج مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت کے اقدامات سے گلگت بلتستان عالمی سطح پر دنیا کا بہترین پرامن اور سیاحتی علاقہ ڈیکلیئر ہوا ہے اور لاکھوں سیاح گلگت بلتستان کا رخ کررہے ہیں ۔شمس میر نے کہا کہ وزیر اعلی حافظ حفیظ الرحمن کی قیادت میں گلگت بلتستان کا فطری خوبصورت چہرہ دریافت ہوا ہے اور نیا گلگت بلتستان دنیا کے سامنے آیا ہے۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی جب صوبائی حکومت پر تنقید کرتی ہے تو حیرت ہوتی ہے کہ جس پارٹی کو تنظیم کیلئے یہاں بندے تک دستیاب نہیں وہ باتیں گلگت بلتستان کی سیاست کی کررہی ہے یہ سیاست میں قیامت کی نشانی ہے۔مشیر اطلاعات شمس میر نے مزید کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے 4 کے ٹولے کے گلے میں سابق دور حکومت کی انارکی،کرپشن اور بدترین گورننس کا طوق لٹک رہا ہے جبکہ پی ٹی آئی ملک میں فیل گورننس کا ریکارڈ بنارہی ہے ایسی میں دونوں جماعتیں اخبارات کے ذریعے زندہ رہنے کیلئے آکسیجن اپنے جھوٹے بیانات سے لے رہی ہے۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ ہماری کارکردگی منہ بولتا ثبوت ہے جبکہ 4 کے ٹولے اور پی ٹی آئی کے صرف بیانات ہیں ۔شمس میر نے کہا کہ عوام 4 کے ٹولے کے بیانات نہیں بلکہ وزیر اعلی حافظ حفیظ الرحمن کے اقدامات دیکھتے ہیں جو اصل حقیقت ہیں ۔

Sharing is caring!

About admin

Daily Mountain Pass Gilgit Baltistan providing latest authentic News. Mountain GB published Epaper too.