بھارت کرکٹ سیریز سے متعلق حتمی جواب دے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاک، بھارت کرکٹ سیریز کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ کو ایک بار پھر خط لکھ دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ پاک، بھارت کرکٹ سیریز سے متعلق حتمی جواب دے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اگر پیر تک جواب نہ دیا گیا تو پھر سیریز ختم سمجھی جائے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز کے معاملے پر پاکستانی حکومت چند روز قبل ہی منظوری دے چکی ہے تاہم بھارتی حکومت کی ہٹ دھرمی جاری ہے اور ابھی تک سیریز کیلئے کوئی حتمی جواب نہیں دیا گیا۔ اس تاخیر پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے کئی عہدیدار بھی اپنے ہی حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس سیریز کو دونوں ملکوں کیلئے لازمی قرار دے رہے ہیں۔ گزشتہ روز بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ بھارت اورپاکستان کے درمیان کرکٹ سیریز وقت کی ضرورت ہے جبکہ اگر بھارت آئی سی سی ایونٹ میں پاکستان کے ساتھ میچ کھیل سکتا ہے تو پھر سیریز سے انکار بلاجواز ہے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ یہ سیریز دونوں ملکوں میں تعلقات کی راہ بھی ہموار کر سکتی ہے۔ اس سے قبل آئی پی ایل چیئرمین راجیو شکلا بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز کے حق میں بول اٹھے تھے اور کہا تھا کہ دونوں ممالک کے سربراہان آموں اور ساڑھیوں کا تبادلہ کر سکتے ہیں، دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ ہاکی کھیل سکتے ہیں تو پھر کرکٹ سیریز کیوں نہیں ہو سکتی۔

Sharing is caring!

About admin

Daily Mountain Pass Gilgit Baltistan providing latest authentic News. Mountain GB published Epaper too.