گلگت بلتستان کے بلدیاتی اداروں کے ملازمین کے لیے خوشخبری
گلگت (سٹاف رپورٹر)گلگت بلتستان پالیسی انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام تقریب میں گلگت بلتستان لوکل کونسل بورڈ کے رولز آف بزنس پیش کیا گیا ۔ وزیر بلدیات فرمان علی نے کہا پالیسی انسٹیٹیوٹ کی خدمات سے آج ہماری حکومت نے لوکل کونسل بورڈکے مسودہ کو حتمی شکل دی جس میں بلدیاتی اداروں کے ملازمین، اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے اپنی آراءشامل کیں۔ ایک منفرد انداز میں ان مسودہ جات کی ترتیب عمل میں لایا گیا جو کہ لائق تحسین ہے۔ یقینا بلدیاتی اداروں کے ان ۰۰۴۱ ملازمین کے ملازمتوں کے تحفظ دینے کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔ گزشتہ ۵۳ سالوں سے لوگ بلدیاتی اداروں میں ایک ہی گریڈ پر ملازمت کر رہے ہیں، ان لوگوں کے لیے نہ تو کوئی ہیلتھ کے فوائد ہیں نہ ہی پنشن کے۔ ایسے حالات میں گلگت بلتستان لوکل کونسل بورڈ کے قوانین کا مرتب ہونا ان ملازمین کے لیئے ایک خوشخبری ہے کہ ہماری حکومت بہت جلد لوکل کونسل بورڈ کا قیام عمل میں لا کر ان ملازمین کی داد رسی کرے گی۔ لوکل کونسل بورڈ کا کام ملازمین کی بھرتی، ترقی، ٹرانسفری اور پنشن، میڈیکل، اور دیگر قوانین کو مرتب دے کر ان ملازمین کی ملازمتوں کو دیگر اداروں کے طرز پر لانا ہے۔ ہم پالیسی انسٹیٹیوٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ایک جمہوری انداز میں ان قوانین کو مرتب کرنے میں ہماری مدد کی۔ پالیسی انسٹیٹیوٹ نے ہم سب سٹیک ہولڈرز کی رائے کا احترام کرتے ہوے ان قوانین کو مرتب کیا اور میرا یقین ہے کہ دیگر بلدیاتی اداروں کے قوانین میں بھی پالیسی انسٹیٹیوٹ کا کردار اسی طرح شفاف رہے گا۔ ہماری حکومت اور پالیسی انسٹیٹیوٹ کے درمیان تعاون اور اعتماد جاری رہے گا اور انشاءاللہ ہم بہت جلدان اداروں کا قیام بھی عمل میں لائیں گے۔ مجھے یقین ہے یہ قوانین جو ہم سب کی رائے کو شامل کر کے بنائے گیے ہیں ان میں خامیوں کی گنجائش بہت کم ہے، اور اگر کوئی کمی بیشی دیکھی گئی تو اس کو درست کرنے کا عمل آسان ہے۔ تقریب میں پالیسی انسٹیٹیوٹ کے کوآرڈینیٹر افتخار علی نے لوکل کونسل بورڈ کا حتمی مسودہ پیش کیا، جبکہ قانونی مشیر پرویز عالم نے مسودے کو حتمی شکل دینے کے عمل پر شرکاءکو اگاہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر پالیسی انسٹیٹیوٹ کے افتخار علی نے شرکا کا ان قوانین کے مرتب کرنے میں شامل رہنے اور منظور کرنے کے عمل تک پالیسی انسٹیٹیوٹ کے ساتھ رہنے کا شکریہ ادا کیا۔