کمانڈر ٹین کور لیفٹنٹ جنرل ظفر اقبال نے جگلوٹ اور نگر میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر دیا

گلگت (پ ر) کمانڈر10کور ملک لیفٹیننٹ جنرل ظفر اقبال نے کہا ہے کہ پاک فوج علاقے کی تعمیر و ترقی اور علاقے میں امن و امان کی بحالی کے حوالے سے اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور اس سلسلے میں دیامر میں تعلیم کے فروغ کے لیئے چار بڑے منصوبے پاک فوج کی زیر نگرانی شروع کئے جا چکے ہیں۔ وہ آرمی پبلک سکول جگلوٹ کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ایک اور تقریب ا سکندر آباد نگر میں بھی منعقد ہوئی جہاں پر کمانڈر 10کور نے 30بیڈ کے ایک اسپتال، کھیلوں کے سٹیڈیم ، گرلز ماڈل سکول، ایک بوائزماڈل سکول کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلی گلگت بلتستان حفیظ الرحمن بھی موجود تھے جنہوں نے پاک فوج کی جانب سے گلگت بلتستان میں ترقیاتی سرگرمیوں میں حکومت کا ساتھ دینے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس طرح سے ترقی کا عمل مزید تیز ہو گا اور صوبے میں تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں بہتری آئے گی۔ کمانڈر 10کور اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے ، اس موقع پر فورس کمانڈرFCNA میجر جنرل عاصم ، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان طاہر حسین سمیت دیگر اعلی عسکری و سول حکام بھی موجود تھے۔ کمانڈر10 کور لیفٹیننٹ جنرل ظفر اقبال نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس علاقے کی ترقی پاک فوج کی ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ اس صوبے کی غیور عوام نے ارض پاک کے لیے گراں قدر خدمات پیش کی ہیں اور یہاں کی عوام محب وطن ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ تعلیم اس علاقے کی ترقی کے لیئے کنجی ہے اور معیاری تعلیم کے ادارے بنا کر پاک فوج اس علاقے کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن دیکھنا چاہتی ہے۔

اس تقریب سے وزیر اعلی گلگت بلتستان نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ کہ حکومت علاقے کی ترقی کے لیئے سنجیدہ ہے اور صوبے میں تعلیم ، صحت اور دیگر شعبوں میں ہر ممکن اصلاحات لا رہی ہے تاکہ عوام کو بنیادی ضروری سہولیات بہم پہنچائی جا سکیں اور اس سلسلے میں پاک فوج کا کردار قابل قدر ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جگلوٹ اور چکر کوٹ کے مقام پر گرلز ہائی سکول کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور مستقبل قریب میں طلبا ء کے لیئے ڈگری کالج بھی بنایا جائے گا تاکہ تعلیم کی کرنیں اس علاقے کو منور کر سکیں اور یہاں کے نوجوان ملک اور خطے کی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کر سکیں۔ خطے میں دیگر ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں با ت کرتے ہوئے وزیر اعلی گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ جگلوٹ تا چکر کوٹ روڈ اور چکر کوٹ سے پڑی بنگلہ روڈ کی میٹلنگ بھی اس سال کے اے ڈی پی میں شامل ہے جس پر کام ہو رہا ہے۔ سئی نالہ میں بجلی کی پیداوار کے لیئے موزوں مواقع موجود ہیں جہاں سروے مکمل کرا کے بجلی پیدا کرنے کے میگا منصوبے شروع کئے جائیں گے جس سے علاقہ بجلی کی پیداوار میں خود کفیل ہو جائے گااس طرح سے روزگار کے نئے مواقع بھی میسر ہونگے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگلات کے تحفظ کے حوالے سے کمیونٹی حکومت سے مکمل تعاون کرے تاکہ اس علاقے میں جنگلات کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ رکھا جا سکے۔ جگلوٹ میں ہونے والی اس تقریب سے پارلیمانی سیکریٹری اورنگزیب خان نے بھی خطاب کیا اور مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ علاقے کی عوام افواج پاکستان اور حکومت گلگت بلتستان کی مشکور ہے کہ اس علاقے میں بہت تیزی سے ترقیاتی سرگرمیاں جارہی ہیں جن کا فائدہ عوام کو پہنچے گا۔

انکا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کھوکھلے نعروں کی بجائے مثبت اور تعمیری سرگرمیوں اورعملی کام پر یقین رکھتی ہے اور آرمی پبلک سکول جگلوٹ کا قیام اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

Sharing is caring!

About admin

Daily Mountain Pass Gilgit Baltistan providing latest authentic News. Mountain GB published Epaper too.