سکردو ( بیورو رپورٹ) ایم ڈبلیوایم کے رہنماء ورکن اسمبلی کاچو امتیاز حیدرخان نے کہا ہے کہ حکومت مقپون داس میں رات کی تاریکی میں آپریشن کر کے علاقے میں امن وامان کا مسئلہ پیدا کررہی ہے گلگت بلتستان کے لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کرکے جان بوجھ کر حالات خراب کئے جارہے ہیں اگر حکومت کو زمین کی ضرورت ہے تو وہ عوام کو اعتماد میں لے کر معاوضہ دے کر زمین حاصل کرے عوام کی خواہشات کے برعکس زمین ہتھیانے کی کوشش کی گئی تو حالات کی ذمہ دار حکومت ہو گی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مقپون داس مقپون خاندان کی ملکیت ہے حکومت بتائے کہ اس نے کس طرح اس داس پر واقع تعمیرات مسمار کر دی ہیں انہوں نے کہا کہ مقپون داس کے مسئلے پر حکومت سیاست نہ کرے کیونکہ داس کا مسئلہ بہت ہی پیچیدہ ہے اور اس کا معاملہ عدالت میں ہے حکومت نے آپریشن کر کے عدالت کی توہین کی ہے انہوں نے کہا کہ ایک طرف ہم اقتصادی راہداری میں حصہ مانگ رہے ہیں دوسری جانب منظم منصوبہ بندی کے تحت ہماری زمینوں پر قبضہ کیا جارہا ہے اگر ہم نے خاموشی اختیار کی تو کل حکومت ہمارے گھروں کو بھی مسمار کرے گی انہوں نے کہا کہ عوام کی ملکیتی زمینوں پر قبضہ کرنا سنگین واقعہ ہے اس واقعے پر خاموش نہیں رہا جاسکتا جو لوگ عوامی ملکیت پرقبضہ کررہے ہیں انہیں جلد اپنی حیثیت معلوم ہو جائے گی ۔