چلاس(عمرفاروق فاروقی سے)پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدرامجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ 46بلین ڈالر کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اکنامک کوریڈورمیں پاکستان کے چاروں صوبوںبشمول آزاد کشمیر کا بھی حصہ رکھا گیا ہے ،لیکن گلگت بلتستان کو اس عظیم منصوبے کے ثمرات سے محروم رکھا گیا ہے ۔ اقتصادی راہداری منصوبے سے پاکستان تو بدل جائیگا ،لیکن گلگت بلتستان کے عوام کا کیا بنے گا۔اقتصادی راہداری کیلئے گلگت بلتستان کے عوام کی 12 ہزار کنال اراضی کو ن لیگ حکومت سرکار کو الاٹ کرکے مفت میں لینا چاہتی ہے ،جو کہ اس خطے کے غریب اور مظلوم عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی حکومت تھک داس،مقپون داس،تھلیچی داس اور چلتس داس کی عوامی ملکیتی اراضی الاٹ کرکے مفت میں ہتھیانہ چاہتی ہے ،جس پر کبھی بھی خاموش نہیں رہیں گے،اس وقت صوبائی حکومت نے 6ہزار کنال عوامی ملکیتی اراضی کو الاٹ کرکے عوام کو ٹیکہ لگا دیا ہے ،جو کہ ظلم اور بربریت کی انتہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو اگر اقتصادی راہداری کیلئے اراضی کی ضرورت ہے تو وہ عوام سے معاہدہ کرکے زمینوں کے معاوضہ جات ادا کرکے اراضی حاصل کرے،ورنہ ہم ایک انچ زمین خالصہ سرکار کی شکل میں حکومت کو دینے کیلئے تیار نہیں ہیں ،کیوںکہ پیپلز پارٹی کے دور میں گلگت بلتستان کی زمینوں کوعوامی ملکیت قرار دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آج تک حکومت کے خلاف کوئی احتجاج نہیں کیا ہے اور حکومت کو ایک سال کا وقت دیتے ہیں کہ وہ عوامی مسائل کو حل کریں اور گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی حقوق دلائیں ،اگر ایک سال تک حکومت کی یہی کارکردگی رہی تو پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کو جام کر دےگی اور ن لیگ کو حکومت کرنے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ نہیں بناسکتی ہے،عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے آئینی صوبے کا ڈونگ رچایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی گلگت نے بلتستان کو جمہوری نظام دیا اور گلگت بلتستان کو ترقی سے دور رکھنے کی ساش کو ناکام بنا دیا ۔پیپلز پارٹی کا گلگت بلتستان کے عوام پر بہت احسانات ہیں ،پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان میں جمہوری نظام لاکر یہاں کے عوام کو بیوروکریسی کے غلامی سے نجات دلائی اور2000میں یہاں کے عوام کو شناخت دی ،ن لیگ بتائے اُس نے یہاں کی عوام کو کیا دیا ہے ؟گلگت بلتستان کے عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دیئے گئے ثمرات سے آج بھی مستفید ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سوست کسٹم چیک پوسٹ کو کوہستان منتقل کیا جائے اور انکم ٹکس کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ عوام دشمن جماعت ہے ،ن لیگ کی حکومت نے ملک پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کرنےوالے آمر مشرف کو ملک سے باہر جانے دیا ،کہاں ہیں وہ سعد رفیق ،احسن اقبال اور خواجہ جو کہتے تھے کہ مشرف کو ملک سے باہر جانے کی اجازت ملی تو استعفیٰ دیں گے،آج وہ لیگی وزراءاستعفی کیوں نہیں دیتے؟۔ صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ نے چلاس میںکارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دیامر میں پیپلز پارٹی کی ضلعی کابینہ پارٹی کارکنوں کی رائے کے مطابق تشکیل دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی بنیاد ضلع دیامر میں رکھی گئی تھی،اُس کے بعد دیگر اضلاع تک پھیل گئی ہے ۔دیامر میں پیپلز پارٹی کے کارکن اور ذمہ دارآپس کے اختلافات کو پس پشت ڈال دیں انشاءاللہ اگلے الیکشن میں دیامر کے چاروں حلقوں سے پیپلز پارٹی میدان مار ے گی۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے صوبائی نائب صدر بشیر احمد ،اسلم پرویز ،مبین شاہ افضل خان،شیر زادہ طیفور شاہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔