وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الر حمان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کونسل کے انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کا کوئی امکان نہیں اگر اس کے باوجود کسی نے ضمیر کا سوداکیا اور پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی تو اس پر آرٹیکل 62 اور 63 لاگو ہو گا ۔صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ ہے اسلئے صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر ہی حل کرنے کیلئے بلدیاتی اداروں کے انتخابات ستمبر یا اکتوبر میں منعقد کروائیں گے ۔گلگت بلتستان کے سرکاری اداروں میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنانے کیلئے این ٹی ایس کے ذریعے بھرتیوں کا فیصلہ کیا ہے ۔تا ہم اس حوالے سے بھی شکایات موصول ہوئی ہیں ان شکایات کے ازالے کیلئے سیکریٹری فنانس ،سیکریٹری تعلیم اور سیکریٹری لاء پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جو ان شکایات کا جائزہ لے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز وزیر اعلیٰ ہاؤس میں گلگت بلتستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے نمائندہ وفد جس کی قیادت صدر سوسائٹی ایمان شاہ کر رہے تھے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہو ں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے صوبائی حکومت سنجیدہ ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات ستمبر یا اکتوبر میں منعقد کروائیں ۔اس حوالے سے بلدیاتی ایکٹ میں ترمیم کر کے کیبنٹ سے منظوری لی جا رہی ہے ۔اس سے قبل حلقہ بندیو ں کی ذمہ داری انتظامیہ کی تھی لیکن اب صوبائی حکومت نے یہ ذمہ داری الیکشن کمیشن کو دیدی ہے ۔انتخابی فہرستوں کی تیاری اور حلقہ بندیوں کا عمل اگر بر وقت مکمل ہو ا تو ستمبر یا اکتوبر میں انتخابات کے انعقاد میں کوئی رکاوٹ باقی نہیں رہتی ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں جاری بجلی بحران کے خاتمے کیلئے صوبائی حکومت نے بھر پور اقدامات اٹھائے ہیں شغر تھنگ ہر پو اور ہنزل پاور منصوبوں کی تکمیل کیلئے 36ارب روپے وفاقی حکومت نے مختص کر دئیے ہیں اور انشاء اللہ پاکستان مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت آئندہ پانچ سالوں میں دو سو ارب کے میگا پراجیکٹس وفاقی حکومت سے لے گی ۔پانی کے بھران کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں ۔جوٹیال ،سکار کوئی اور کنوداس کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے بسین نالے کا فانل پانی اپ لفٹ کرنے کا منصوبہ آخری مراحل میں ہے جس پر کروڑوں روپے خرچ ہونگے ۔حکومت اس بات پر بھی غور کر رہی ہے کہ اگر واٹر رائیٹ کا کوئی مسئلہ کھڑا ہوا تو ان تینوں موضعات میں واٹر پپمپ کے ذریعے لوگوں کو پانی فراہم کرینگے ۔گلگت شہر میں سڑکوں کی حالت زار پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت کی مرکزی شاہراہوں سمیت رابطہ سڑکوں کی مرمت اور شہر کی تزائن و آرائش کے لئے جامع منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے اور اس مقصد کیلئے 16 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے ۔انشاء اللہ یکم اپریل سے اس منصوبے پر کام کا آغاز ہو گا اور عوام ایک ماہ کے اندر شہر میں تبدیلی محسوس کرینگے ۔اس غیر معمولی میٹنگ میں ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ فاروق احمد خان بھی موجود تھے ۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان میں اخباری صنعت کو د رپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اپنا کردار بھر پور انداز میں ادا کرے ۔