گلگت(ماونٹین پاس) سینیٹ کمیٹی برائے سی پیک کے چیئرمین تاج حیدرو دیگر سینیٹرز نے گلگت ائیر پورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک جیسے اہم منصوبے میں گلگت بلتستان کو دیگر صوبوں کے برابر نمائندگی نہ ملنا علاقے کے عوام کیساتھ ظلم و زیادتی ہے۔ سینیٹ کی کمیٹی برائے سی پیک اس چیز کو تشویش کی نظر سے دیکھتی ہے۔گلگت بلتستان کے عوام کو سینٹ اور قومی اسمبلی میں نمائندگی نہ ملنے کے باعث علاقے کے عوام میں سخت مایوسی اور بے چینی پھیل رہی ہے۔اگر علاقے کے عوام میں پائی جانے والی احساس محرومی اور مایوسی کا خاتمہ نہیں کیا گیا توبلوچستان جیسے حالات پیدا ہونگے۔ علاقے میں اس وقت سیکورٹی کے حالات بہتر ہیں اگر عوام کی محرومیوں کا ازالہ نہیں کیا گیاتوعلاقے میں سیکورٹی کے مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کے عوام کو سی پیک میں مناسب نمائندگی نہ ملنے کے باعث مایوسی اور بے چینی تیزی سے پھیل رہی ہے۔ سینیٹ کمیٹی برائے سی پیک نے گلگت بلتستان میں تفصیلی دورے کر کے خود محسوس کیا ہے کہ علاقے کے عوام کیساتھ ظلم سے زیادہ بڑا ظلم ہوا ہے۔اب ہم علاقے کے عوام کو ان کے حقوق دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرینگے۔