اسلام آباد، سابق صدر پیپلزپارٹی گلگت بلتستان جسٹس(ر) سید جعفرشاہ نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی..
سابق صوبائی صدر پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان، سیئنر سیاستدان جسٹس (ر) سید جعفر شاہ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے بنی گالہ اسلام آباد انکی رہائش گاہ پر خصوصی ملاقات کی ۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کیا۔ سید جعفر شاہ کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام بالخصوص اور پاکستان کے عوام بالعموم کرپٹ اور مفاد پرست سیاستدانوں اور روایتی سیاسی جماعتوں سے تنگ آ چکے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف محروم و محکوم عوام کیلئے امید کی نئی کرن بن کر ابھری ہے۔ انکا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے ساتھیوں اور دوست احباب سے طویل مشاورت کے بعد یہ فیصلہ لیا ہے اور وہ گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کو منظم اور فعال کرنے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرینگے۔ اس موقع پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے سید جعفر شاہ کی پی ٹی آئی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے گلگت بلتستان میں پارٹی فعالیت کیلئے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ۔ انکا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف پورے پاکستان کی طرح گلگت بلتستان کے عوام کی سیاسی محرومیوں کے خاتمے کیلئے بھی اپنا بھر پور عملی کردار ادا کریگی۔
گلگت بلتستان کے سیاسی تجزیہ نگاروں نے سیئنر سیاستدان سید جعفر شاہ کی تحریک انصاف میں شمولیت کو گلگت بلتستان کی سیاست میں اہم بریک تھرو قرار دیا ہے اور اسے پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کیلئے ایک بڑا دھجکہ تصور کیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ سید جعفر شاہ کی پی ٹی آئی میں شمولیت سے گلگت بلتستان میں پارٹی کس حد تک فعال اور منظم ہوتی ہے۔