پاکستان کونسل برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے ملک کے بہترین سائنسدانوں کی ڈائریکڑی جاری کردی ہے۔ ڈائریکٹری میں گلگت بلتستان کی واحد اعلی تعلیمی درسگار قراقرم یونیورسٹی کے چار اساتذہ مختلف کیٹگریز میں شامل ہیں۔
ڈائریکٹری میں جامعہ قراقرم کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد آصف خان علوم ماحولیات اور ارضیات کی کیٹگری میں 10 ویں نمبر پر ہیں۔ انہوں نے ایک کتاب تصنیف کی ہے، 28 مقالے لکھے ہیں، جبکہ ان کے مقالوں کو 999 بار دیگر سکالرز نے بطور حوالہ استعمال کیا ہے۔ اسی کیٹگری میں قراقرم یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر شوکت علی 104 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ انہوں نے ابھی تک دو مقالے لکھے ہیں۔ 40 سال سے کم عمر کے اساتذہ کی فہرست میں ڈاکٹر شوکت علی 58 ویں نمبر پر ہیں۔
انجنئرنگ کی کیٹگری میں قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت کے شعبہ ریاضی اور شماریات کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر اسد اللہ 57 ویں نمبر پر ہیں۔ دی گئی تفاصیل کے مطابق ڈاکٹر اسد اللہ نے 13 سائنسی مقالے شائع کئے ہیں، جبکہ 79 بار دیگر سکالرز نے ان کے مقالوں کا حوالہ دیا ہے۔ 40 سال سے کم عمر کے اساتذہ کی فہرست میں ڈاکٹر اسد اللہ 31 ویں نمبر پر ہیں۔
اسی طرح، شعبہ کیمیا (کیمسٹری کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سجاد علی (151 ویں نمبر پر)، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر افتخار علی (316 ویں نمبر پر) اور ڈاکٹر محمد اسماعیل 368 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ ان اساتذہ نے بالترتیب 13، 15 اور 5 مقالے شائع کئے ہیں۔
یاد رہے کہ ان سائنسدانوں کی درجہ بندی ہائر ایجوکیشن کمیشن کی منظور کردہ مجلوں میں شائع شدہ مقالوں کی تعداد، مقالوں کی بطور حوالہ استعمال کی شرح اور معیار کے دیگر اشاریوں کی مدد سے کی گئی ہے۔