گلگت(بیورو رپورٹ)پاکستان پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے صدر امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ اسلامی تحریک نے ان لوگوں کے ساتھ اتحاد کیا جنہوں نے یوم حسین پر پابندی لگائی۔ ان لوگوں کو سبق سکھانے کیلئے نگر کے غیور عوام 9جولائی کو اپنے گھروں سے باہر نکلیں انہوں نے جمعہ کے روز غلمت نگر میں ایک بہت بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں نے گلگت بلتستان کے عوام کو جو نقصان پہنچایا اس کی مثال نہیں ملتی ہے۔ انہوں نے مرحوم قربان علی، مرحوم مرزا حسین ، سید جعفر شاہ ، محمد علی اختر سمیت سب کے خلاف سازشیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بریلوی مسلک کے لوگ سب سے زیادہ ہیں مگر انہوں نے مسلکی بنیاد پر کوئی سیاسی جماعت نہیں بنائی وہ سمجھتے تھے کہ فرقہ وارانہ بنیاد پر سیاسی جماعت بنائی تو گھر گھر لڑائی ہو گی مگر علامہ ساجد نقوی نے فرقہ وارانہ بنیادوں پر سیاسی جماعت بنا کے گلگت بلتستان میں گھر گھر لڑائی شروع کرا دی انہوں نے اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی جماعت کے لوگوں نے بغاوت کر کے ایم ڈبلیو ایم بنائی یہ بغاوت ہم نے نہیں کی تھی آپ کے اندر کے لوگوں نے کی تھی ان لوگوں نے آپ کو قائد تسلیم کرنے سے انکار کر کے الگ قائد بنایا آپ دونوں نے اپنی لڑائی کو پارا چنار بھی پہنچایا اور گلگت بلتستان میں بھی لایا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا مرزا علی اور دیدار علی کا نام فورتھ شیڈول میں ہم نے نہیں حفیظ الرحمن نے شامل کیا ہے ہم ان اکابرین کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کی مذمت کرتے ہیں اگر ان لوگوں سے حفیظ الرحمن کی دوستی درست ہے تو الیکشن سے قبل ان لوگوں کا نام فورتھ شیڈول سے نکالیں بصورت دیگر ہم فورتھ شیڈول کے ٹکڑے کر دیں گے انہوں نے کہا کہ یہ کمزور لوگ ہیں تحریک نہیں چلا سکتے ہیں فورتھ شیڈول کے خلاف ہم تحریک چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس حلقے سے ہم الیکشن بھاری اکثریت سے جیت چکے ہیں 9جولائی کو صرف رسمی کارروائی ہو گی میں نگر کے عوام اور بلاول بھٹو زرداری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں انہوں نے کہا کہ اگر 9جولائی کو الیکشن میں دھاندلی کی گئی تو پورے گلگت بلتستان کو جام کر دیں گے۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سید رضی الدین رضوی نے کہا کہ بیرونی ممالک سے آنے والی امداد غلط استعمال ہو رہی ہے کروڑوں روپے کی امداد غریبوں کے نام پر آتی ہے یہ امداد چند مولوی ہڑپ کرتے ہیں اس پر پابندی عائد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں اسلامی تحریک کا مرکزی جنرل سیکرٹری تھا تو علامہ ساجد نقوی نے کالعدم تنظیم کے قائدین سے خفیہ ملاقاتیں کی ہیں اور معاہدے کئے ہیں میرے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں انہوں نے کہا کہ ان جماعتوں نے میرے خاندان کیلئے کچھ نہیں کیا ہے اب ووٹ لینے کیلئے جلسوں اور گاڑیوں میں یہ لوگ شہید سید ضیاء الدین کی تصویریں لگاتے ہیں میں ان کے خلاف عدالت سے رجوع کروں گا۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پی پی گلگت بلتستان کی سیکرٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا کہ نگر میں پی پی کے خوف کی وجہ سے تین جماعتوں نے اتحاد قائم کیا ہے انہوں نے کہا کہ نگر کے ضمنی الیکشن میں صوبائی حکومت سرکاری مشینری استعمال کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ الیکشن سے صرف تین دن قبل پی پی کے ہمدرد ملازمین کے تبادلے کر دیئے گئے ہیں اور کنٹریکٹ ملازمین کو اس شرط پر یہاں لایا گیا ہے حکومت کو من پسند نتائج دیں تو مستقل کریں گے انہوں نے کہا کہ پوری حکومت اور انتظامیہ من پسند نتائج حاصل کرنے کیلئے اس حلقے میں لگی ہوئی ہے پی پی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن محمد موسیٰ نے کہا کہ اسلامی تحریک اور ایم ڈبلیو ایم کے کارکن ہمارے ساتھ ہیں چند لٹیرے ہمارے خلاف ہیں انہوں نے کہا کہ دونوں مذہبی جماعتیں حفیظ الرحمن سے ملی ہوئی ہیں حفیظ الرحمن ان جماعتوں کے تعاون کی وجہ سے وزیراعلیٰ بنا ہے اور یہ مذہبی جماعتیں اس علاقے کے دشمن ہیں پی پی گلگت بلتستان کے سینئر نائب صدر جمیل احمد نے کہا کہ ہمارا مقابلہ اسلامی تحریک یا ایم ڈبلیو ایم سے نہیں مسلم لیگ(ن) سے ہے انہوں نے کہا کہ ہم اس حلقے سے الیکشن میں حصہ لینا نہیں چاہتے تھے اسلامی تحریک نے پی پی سے مدد مانگنے کی بجائے حفیظ الرحمن کے پاس چلی گئی جس کی وجہ سے ہم الیکشن لڑنے پر مجبور ہو گئے انہوںنے کہا کہ نواز شریف سوست ڈرائی پورٹ حویلیاں منتقل کرنے کا معاہدہ کیا ہے جو علاقے کیلئے نقصاندہ ہے سابق وزیر خزانہ محمد علی اختر نے کہا کہ یہ مذہبی جماعتیں 2015ء کے انتخابات میں حفیظ الرحمن کو طالبان کا نمائندہ کہتے تھے اور اس بنیاد پر اس حلقے سے ووٹ حاصل کیا تھا مگر اب 2017ء میں یہ حفیظ الرحمن کے دوست بن گئے ہیں اور حفیظ الرحمن نے ان دونوں جماعتوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا ہے انہوں نے کہا کہ یہ بہت ہی بھوکے لوگ ہیں یہ کسی کو بھی نہیں بخشیں گے ہم نے پہلے بھی ان کا مقابلہ کیا ہے اور انہیں شکست دی ہے اور اس مرتبہ بھی انہیں شکست دیں گے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی پی کے امیدوار جاوید حسین نے کہا کہ آج کی ریلی اور اجتماع نے الیکشن کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے ہم نے حساب مکمل کر لیا ہے ہم 2000ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہو رہے ہیں اس لئے اسلامی تحریک کے امیدوار شکست سے بچنے کیلئے دستبردار ہو جائیں ورنہ اس شکست کے بعد اسلامی تحریک پورے علاقے سے ختم ہو گی