گلگت(ماونٹین پاس ) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے امن کی ضمانت ہے بڑی کوششوں اور قربانیوں سے امن قائم ہوا ہے ، ہم سب نے ملکر اسکی پہرہ داری کرنی ہے ، عوام مسلکی ، علاقائی اور قومیت کے نام پر سیاست کرنیوالوں کو مسترد کریں ، گلگت بلتستان کے عوام سے کئے گءئے تمام وعدے مختصر مدت میں پورے کئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے حراموش کٹوال ویلی روڈ کی تعمیر کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حراموش کٹوال ویلی روڈ کا کام ڈیڑھ سال میں مکمل کیا جائیگا اس منصوبے کی تعمیر سے عوام میں خوشحالی آئیگی اور سیاحت کو فروغ ملے گا ، کے کے ایچ کی تعمیر سے قبل گلگت بلتستان میں لوگ پتھروں کے دور میں رہتے تھے ، کے کے ایچ کی تعمیر کے بعد ہر شعبے میں انقلاب آیا ، عوام کی معیار زندگی بہتر ہوئی ۔ مسلم لیگ ن ملک کی ترقی کی ضامن جماعت ہے ، حراموش کی تعمیر ترقی کو یقینی بنائینگے ، 24کروڑ کی لاگت سے حراموش کٹوال ویلی روڈ تعمیر کیا جا رہا ہے اس منصوبے سے حراموش کے عوام کی معیار زندگی بہتر ہوگی ، حراموش میں سیاحت کو فروغ ملے گا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے ہر قسم کے تعصبات سے بالاتر ہوکر گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت کی ہے ، وسائل کا منصفانہ تقسیم یقینی بنایا ، تمام اضلاع میں اربوں روپوں کے منصوبے دئیے ، نئے ضلعے بنائے ، گلگت بلتستان کے عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کئے ، تعمیر و ترقی کے اس سفرکو جاری رکھنے کیلئے عوام مسلکی ، علاقائی اور قومیت کے نام پر تفرقہ پھیلانے والوں کو مسترد کریں، ہم نے پہلے دن سے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ حق صرف حقدار کو ملے ، موجودہ وفاقی حکومت نے گلگت سکردو روڈ پر جاری کام کیلئے ریلیز میں کٹوتی کی تھی جس پر وزیر اعظم پاکستان سے بات کی تھی ، 2020تک گلگت سکردو روڈ کا کام مکمل کیا جائیگا ، وزیر اعلیٰ نے حراموش میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 16ماہ کی قلیل مدت میں حراموش کٹوال ویلی روڈ کا کام مکمل کیا جائیگا ، عوام اس منصوبے کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے اس منصوبے کی نگرانی کریں ، ہر مہینے میں دو دن جدید موبائل ہسپتال حراموش کا دورہ کریگی، بہتر طبی سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے 10بیڈ حراموش ہسپتال کو پی پی ایچ آئی کے حوالے کیا جائے ۔ انتخابات کے قریب آتے ہی موسمی پرندے یہاں کا رخ کرینگے ،گلگت بلتستان کے عوام با شعور ہیں وہ اپنے حلقے کی تعمیر و ترقی کیلئے میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر ووٹ دینگے ۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے24کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے حراموش کٹوال ویلی روڈ کا باقاعدہ افتتاح کیا جس کے بعد وزیر اعلیٰ کو محکمہ تعمیرات کی جانب سے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ وزیر اعلیٰ نے ڈھائی سال کے مدت کو کم کرکے ڈیڑھ سال میں اس منصوبے کو مکمل کرنیکی ہدایت کی