وزیر اعظم عمران خان نے کل وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا ۔ اس اجلاس میں بہت سے ایشوز کے ساتھ گلگت بلتستان عبوری صوبے کے حوالے سے مشاورت بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان گلگت بلتستان کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر بریفنگ دیں گے اور سپریم کورٹ کے حکم پر گلگت بلتستان آرڈر 2018 میں مزید ترمیم کرکے گلگت بلتستان ریفارمز آرڈر 2018 کے نام سے ایک نیا پیکج منظور کرایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس کل وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وزیر اعظم ہاؤس میں ہو گا۔ جس میں 20 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں کابینہ اپنے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لے گی جب کہ گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے اور اصلاحات کا پیکج بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ اجلاس میں ٹیکسٹائل سیکٹرز میں شامل پانچ صنعتوں کو زیرو ریٹ پر گیس اور آر ایل این جی کی فراہمی پر بھی غور کیا جائے گا۔