اس وقت درپیش صورتحال میں نوجوانوں کا مثبت کردار اہم اور فیصلہ کن ہے اشرف صدا

سکردو (نمائندہ خصوصی) گلگت بلتستان کا مستقبل نئی نسل کے ہاتھوں میں ہے۔ گلگت بلتستان تاریخ کے اہم ترین دور سے گزر رہا ہے اس وقت درپیش صورتحال میں نوجوانوں کا مثبت کردار اہم اور فیصلہ کن ہے۔ یہ باتیں مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے صوبائی ترجمان و چیئرمین قائمہ کمیٹی گلگت بلتستان کونسل اشرف صدا نے سکردو میں نیشنل یوتھ اسمبلی گلگت بلتستان کی جانب سے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کردار ادا کرنے والے نوجوانوں میں تعریفی اسناد کی تقسیم کیلئے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب میں کی۔ بلتستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد نعیم خان اور پرنسپل ویمن کالج سکردو ڈاکٹر عظمیٰ سلیم اور اسمبلی کے سی ایم منظور حسین بھی اس تقریب میں موجود تھے۔ انہوں نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ روشن پاکستان اور گلگت بلتستان کا مستقبل درخشاں ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے درمیان بے شمار سیاسی تنظیمیں موجود ہیں تاہم ایسے ادارے موجود نہیں جن میں سیاحت سے وابستہ افراد کی تربیت ممکن ہو۔ نیشنل یوتھ اسمبلی پاکستان اس بابت نوجوانوں کیلئے سیاسی تربیت گاہ ثابت ہو رہی ہیں جہاں نوجوان ملک کے سیاسی ، سماجی، نظریاتی ، آئینی، قانونی، معاشی و دیگر شعبوں میں ایک مثبت اور انقلابی تبدیلی کیلئے گرانقدر کاوشوں کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ نیشنل یوتھ اسمبلی پاکستان کے صدر حنان علی عباسی ایک محب وطن نوجوان ہے جنہوں نے نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت چہرہ اُجاگر کرنے کیلئے شب و روز محنت کی ہے۔ آج گلگت بلتستان میں بھی نیشنل کا یوتھ اسمبلی کا قیام عمل میں آیا ہے۔ صوبائی وزیر اعلیٰ منظور حسین اور ان کی ٹیم گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کیلئے اپنی اپنی وزارتوں میں تحقیقی ارتقاء سے گزر رہی ہے۔ صوبائی حکومت اور گلگت بلتستان کونسل ان کے ساتھ بھرپور تعاؤن کریگی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کا گلگت بلتستان انہی یوتھ اسمبلی کے تربیت یافتہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہوگا۔

Sharing is caring!

About admin

Daily Mountain Pass Gilgit Baltistan providing latest authentic News. Mountain GB published Epaper too.