گلگت(پ۔ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ سولہ دسمبر کو پیپلز پارٹی کی کل جماعتی کانفرنس کے حوالے سے مشیر اطلاعات کا بیان غیر سنجیدہ ہے۔اسی دن انکی اپنی جماعت کے صوبائی وزراء نے سکردو روڈ پر پلوں کا افتتاح کیا۔کیا نواز لیگ نے بھی پلوں افتتاح کر کے کسی کو کوئی پیغام دیا ہے۔پیپلز پارٹی سکردو کی اے پی سی میں صوبائی حکومت کے سینئر وزیر اور ارکان کونسل نے بھی شرکت کی مشیر اطلاعات کا انکے بارے میں کیا خیال ہے۔گلگت بلتستان تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑا ہے اور آئینی حیثیت کا تعین ہونے جارہا ہے ایسے میں پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کے عوام کی آواز بنتے ہوئے گلگت بلتستان کی تمام جماعتوں اور سٹیک ہولڈز کو یکجا کیا اور ایک مشترکہ موقف سامنے لانے میں کامیاب رہے جوکہ بہت بڑی کامیابی ہے۔صوبائی حکومت کو اس بات سے تکلیف ہے کہ پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کے حوالے نہایت ذمہ دارانہ اور اہم کردار ادا کیا ہے اور پیپلز پارٹی کو عوام نے پزیرائی دی ہے۔گلگت بلتستان کی تاریخ گواہ ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خطے کی شناخت,آئینی اور انتظامی حوالے سے عوام کے لئے قابل قبول اقدامات کئے ہیں جبکہ موجودہ صوبائی حکومت نے خطے کے عوام سے خیانت کی اور بدنیتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات کو پس پشت ڈال کر آرڈر 2018 کا نفاذ کر دیا جسے عوام نے یکسر مسترد کردیا۔