گلگت(پ۔ر) پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ سینئر نائب صدر جمیل احمد جنرل سکریٹری انجینئر اسماعیل اور سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ انڈیا کسی غلط فہمی میں نہ رہے دفاعِ وطن کے لئے پاکستان کا ہر فرد سربکف مجاہد ہے۔اگر کوئی ناپاک جسارت کی گئی تو پاک فوج کے ساتھ مل کر ایسا منہ توڑ جواب دینگے کہ بھارتی فوج کو چتا جلانے والا نہیں ملے گا۔ پاکستان جارحیت کے بجائے امن کا خواہاں ہے لیکن پاکستان کے دفاع کے لئے گلگت بلتستان کا ایک ایک فرد تیار کھڑا ہے۔مودی انتخابی حربے کے طور پر اربوں لوگوں کی زندگی داؤ پر لگانے سے باز رہے۔ذوالفقار علی بھٹو شہید کی دی ہوئی ایٹمی صلاحیت اور بے نظیر بھٹو شہید کی دی ہوئی میزائل ٹیکنالوجی کی بدولت ارضِ پاک کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔دنیا کی مانی ہوئی بہادر ترین پاک فوج کسی بھی دشمن کو ناکوں چنے چبوانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔قوم کو اپنی افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہترین جنگی صلاحیتوں پر بھروسہ ہے اور قوم کا ہر فرد پاک فوج کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑا ہے۔گزشتہ روز کے بھارتی ناکام ڈرامے کے بعد آج پاکستانی فوج نے دو بھارتی طیارے گرا کر دندان شکن جواب دیا ہے اس سے مودی کو سبق سیکھنا چاہئے۔1965 میں دوپہر کا کھانا لاہور میں کھانے کا خواب جس طرح چکناچور ہوا تھا اور بھارت کو شکستِ فاش ہوئی تھی اس بار اگر کوئی مس ایڈونچر کی کوشش کی گئی تو بزدل دشمن کو ایسا سبق سکھایا جائے گا کہ جنگ کا لفظ سن کر ہی بھارتی فوج کے پسینے چھوٹ پڑیں گے۔