ہم سب کچھ کرسکتے ہیں لیکن خطے کے امن کی خاطر نہیں کرتے اور جنگ کی طرف نہیں جانا چاہتے،میجر جنرل آصف غفور
پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر نے بھارتی میراج طیارے گرائے اور ایف سولہ استعمال نہیں ہوئے،میڈیا سے گفتگو
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس بھارت کی دراندازی کا جواب دینے کے سوا کوئی چارہ نہ تھا جبکہ عالمی برادری کو پاک بھارت کشیدگی کا نوٹس لینا چاہیے تھا۔بھارت کی دراندازی کے جواب میں پاکستان نے بھارت کو کرارا جواب دیتے ہوئے 2 بھارتی طیاروں کو مارگرایا جس کے نتیجے میں 2 بھارتی پائلٹس ہلاک ہوگئے اور ایک کو گرفتار کرلیا گیا۔اس بارے میں پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے بھارت کے 6 اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے دو طیاروں کو مار گرایا، بھارت میں ایک اور طیارہ گرنے کی بھی اطلاع ہے لیکن اس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، پاکستانی مسلح افواج کے پاس بھارتی دراندازی اور جارحیت کا جواب دینے کے سوا کوئی چارہ نہ تھا، یہ بھارت کی گزشتہ روز ہونے والی کارروائی کا بدلہ نہیں ہے بلکہ اپنے دفاع کی صلاحیت کا مظاہرہ ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے بعد فیصلہ کیا تھا کہ فوجی ہدف کو نشانہ نہیں بنائیں گے اور نہ ہی کوئی جانی نقصان ہونا چاہیے، پاک فضائیہ نے اپنی حدود میں رہتے ہوئے 6 اہداف کا انتخاب کرکے انہیں نشانہ بنایا، ہم سب کچھ کرسکتے ہیں لیکن خطے کے امن کی خاطر نہیں کرتے اور جنگ کی طرف نہیں جانا چاہتے، طاقت کا ہونا ایک بات ہے لیکن اس کا ذمہ داری سے استعمال ہی اہم بات ہے۔ترجمان پاک فوج نے بھارتی میڈیا کے پاکستانی ایف 16 کو مار گرانے کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر نے بھارتی میراج طیارے گرائے اور اس آپریشن میں ایف سولہ استعمال نہیں ہوئے، ہم نے ناریان میں دو، دو جبکہ بھمبر گلی اور کے جی ٹاپ میں ایک ایک بھارتی ہدف کو نشانہ بنایا، بھارتی جہاز تباہ ہو کر آزاد کشمیر کے علاقے پیرگلی میں گرا۔میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ہم کشیدگی کو بڑھانا نہیں چاہتے، پاکستان تمام تر صلاحیت رکھنے کے باوجود امن کا پیغام دیتا ہے، جنگ پالیسی کی ناکامی ہے، جنگ شروع کرنا آسان ہے لیکن کسی کو نہیں پتہ ہوتا کہ وہ ختم کہاں ہوگی۔ترجمان پاک فوج نے بریفنگ کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ہماری حدود میں آکر چار بم گرائے تو ہم نے ان کے چھ اہداف کو نشانہ بنایا، گرفتار بھارتی پائلٹس ہماری تحویل میں ہے اور گرفتار پائلٹس سے انتہائی مہذب سلوک ہو رہا ہے۔ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ آج پاک بھارت ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان رابطہ نہیں ہوا، بھارت کنٹرول لائن پر کشیدگی اور جارحیت بڑھا رہا ہے، ایل او سی پر تازہ بھارتی جارحیت سے چار سویلین شہری شہید ہوئے۔