گلگت بلتستان میں ہروقت قدرتی آفات کے خطرات موجود ہیں راجہ جلال مقپون

آفات سے بروقت نمٹنے اورممکنہ نقصانات میں کمی لانے کیلئے ہلال احمرجیسے اداروں کی فعالیت وقت ضرورت ہے
ماضی میں رونما ہونے والی ہرآفت کے دوران متاثرین کی امدادوبحالی کی سرگرمیوں میں ہلال احمرنے نمایاں کردار ادا کیا
گلگت( مونٹین پاس نیوز) گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان قدرتی آفات کی زدمیں واقع ایک ایسا خطہ ہے جہاں پر ہروقت قدرتی آفات کے وقوع پذیر ہونے کے خطرات موجود رہتے ہیں ایسے میں ان آفات سے بروقت نمٹنے اورکسی بھی ناگہانی آفت کی صورت میں انسانی جان ومال کو ممکنہ طورپر ہونے والے نقصانات میں کمی لانے کے لئے ہلال احمرپاکستان جیسے اداروں کی فعالیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں گورنر سکریٹریٹ میں ہلال احمرگلگت بلتستان کے تعارف و کارکردگی سے متعلق دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ گورنر گلگت بلتستان (جوکہ بلحاظ عہدہ ہلال احمرپاکستان کی صوبائی برانچ گلگت بلتستان کے صدر بھی ہیں) نے کہا کہ ماضی میں گلگت بلتستان سطح پر رونما ہونے والی ہرآفت کے دوران متاثرین کی امدادوبحالی کی سرگرمیوں میں ہلال احمرنے نمایاں کردار ادا کیا، چاہے وہ سانحہ عطاآباد ہو یا مون سون کی طوفانی بارشوں کے نقصانات یا کوئی اور آفت ہلال احمرپاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں دکھی انسانیت کی خدمت میں کوئی کسرباقی نہیں چھوڑی۔ علاوہ ازیں عام دنوں میں ہلال احمرکی جانب سے قدرتی آفات سے نمٹنے اور ابتدائی طبی امداد کے حوالے سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو تربیت کی فراہمی بھی ایک اہم اور احسن اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ہلال احمرکے فلاحی سرگرمیوں کی خود نگرانی کریں گے اور ادارے کو درپیش مالی مشکلات کے خاتمے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے تاکہ یہ ادارہ مذید فعال اور منعظم انداز میں عوام کی خدمت کرسکے۔ انہوں نے سکردو میں ہلال احمرکے نام الاٹ شدہ اراضی تنازعے کو حل کرنے سمیت اپنی جانب سے ادارے کے ساتھ ہرممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ قبل ازیں ہلال احمرگلگت بلتستان کے چئیرمین وڈپٹی کمشنر گلگت کیپٹن ریٹائرڈ سمیع اللہ فاروق اور صوبائی سکریٹری نورالعین نے گورنر گلگت بلتستان کو ہلال احمرپاکستان کے تاریخی پس منظر، اداراجاتی وانتظامی سیٹ اپ اور ادارے کی مختلف فلاحی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین ہلال احمرگلگت بلتستان نے اس موقع پر کہا کہ ہلال احمر گلگت بلتستان نے انتہائی محدود وسائل اور طرح طرح کی مشکلات کے باوجود صوبہ بھرمیں مختلف آفات سے متاثرہ ہزاروں خاندانوں کو امداد پہنچاکر حقیقی معنوں میں قومی فلاحی ادارہ ہونے کا ثبوت دیا تاہم خطے کی جغرافیائی حساسیت اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا تقاضا ہے کہ اس ادارے کو مذید فعال اور مالی لحاظ سے مستحکم کیا جائے ۔ انہوں نے ادارے کو درپیش مالی مشکلات کے خاتمے اور ادارے کے صوبائی دفترکی تعمیرکے سلسلے میں وفاقی وصوبائی حکومت سے مددکرنے کی اپیل کی جس پر گورنر گلگت بلتستان نے اپنی جانب سے ہرممکن تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

Sharing is caring!

About admin

Daily Mountain Pass Gilgit Baltistan providing latest authentic News. Mountain GB published Epaper too.