سیپ سکول اساتذہ اپریل کے پہلے ہفتے تک مستقل کئے جائیں وزیراعلیٰ کی محکمہ تعلیم حکام کو ہدایت
سیپ سکولوں کو این ای ایف سے ختم کرکے محکمہ تعلیم کے حوالے کیا جائے،نواز شریف نے جی بی کے 375سکولوں کو صوبائی حکومت کے تحت جاری نظام میں شامل کرنے کی مظور دی تھی
ماڈل سکولوں کا قیام صوبے میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جس کا مقصد متوسط اور نادار طالب علموں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے،محکمہ تعلیم گلگت بلتستان کے حکام سے ملاقات میں گفتگو
گلگت(مونٹین پاس نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی سابق وفاقی حکومت اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ملک میں قائم 14 سو سے زائداین ای ایف کے تحت چلنے والی سکولوں میں سے صرف گلگت بلتستان کے 375سکولوں کو صوبائی حکومت کے تحت جاری نظام میں شامل کرنے کی منظوری دی جس کیلئے درکار آسامیوں کی بھی باقاعدہ منظوری سابق وفاقی حکومت نے دی ۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سیکرٹری تعلیم اور دیگر متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی ہے کہ سیپ اپریل کے پہلے ہفتے تک سیپ اساتذہ کو ہر صورت مستقل کیا جائے اور صوبے کے سیپ سکولوں کو این ای ایف سے ختم کرکے محکمہ تعلیم گلگت بلتستان کے حوالے کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سیپ اساتذہ کی مستقلی اور ماڈل سکولوں کے حوالے سے محکمہ تعلیم کی جانب سے دیئے جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ ماڈل سکولوں کا قیام صوبے میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جس کا مقصد متوسط اور نادار طالب علموں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے۔ اس حوالے سے ماڈل سکولوں کا بنیادی ڈھانچہ مکمل ہوا ہے۔ محکمہ تعلیم انتظامی فیصلے جلد مکمل کرے۔ ماڈل سکولوں کا افتتاح 20 مارچ اور 15اپریل کی مدت میں کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ ماڈل سکولوں کو بتدریج خودمختار بنانے کیلئے سکول مینجمنٹ کمیٹی کے ماتحت ویلفیئر فنڈ قائم کیا جائے اور مخیر حضرات کو بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی جائے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سیکرٹری تعلیم کو ہدایت کی ہے کہ تمام سرکاری سکولوں میں ہر مہینے میں ایک دن مقرر کیا جائے جس میں تمام طالب علموں کو ایک گھنٹہ سوشل ورک لازمی قرار دیا جائے جس کے سالانہ امتحانات میں نمبر مختص کئے جائیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان کے محکمہ تعلیم میں کئے جانے والے اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں جس کی وجہ سے گلگت بلتستان تعلیم کے میدان میں دیگر صوبوں سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہاہے جس کا اعتراف وفاقی حکومت اور مختلف ادارے کررہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سیکرٹری تعلیم کو ہدایت کی ہے کہ بنیادی تعلیمی نظام کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے ۔