گلگت بلتستان میں معدنی شعبے کی ناقص کارکردگی کی ایک بڑی وجہ ٹیکنالوجی کا فقدان ہے،جس کے باعث انتہائی قیمتی پتھر اور معدنیات محض خام مال کی صورت میں معمولی قیمت پر برآمد کر دئیے جاتے ہیں
روپانی فاونڈیشن اس شعبے سے متعلق جی بی کے درجنوں افراد کی تربیت کی ہے جو ایک طرف پرکشش آمدن حاصل کر رہے ہیں اور اس شعبے کی ترقی میں اہم بھی کردار ادا کر رہے ہیں،نصیر الدین روپانی
اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کا علاقہ سیاحت اور معدنی وسائل کے حوالے سے اپنی خصوصی اہمیت رکھتاہے اور حکومت ان دونوں شعبوں میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو لانے کی بھر پور کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے یہ بات روپانی فاؤنڈیشن کے چیئرمین نصیر الدین روپانی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے وفاقی وزیر سے اسلام آباد میں ملاقات کی ۔گلگت بلتستان میں مدنی وسائل کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بے شمار معدنی وسائل ہیں لیکن گذشتہ حکومتوں کی ناقص پالیسیزکے باعث اس شعبے سے فائدہ نہیں اٹھایا جا سکا۔انہوں نے کہا کہ معدنیات کے شعبے کی ترقی گلگت بلتستان میں غربت کے خاتمے کے لئے بڑی سود مند ثابت ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خصوصاََ گلگت بلتستان میں پائے جانے والے چند پتھربین الاقوامی سطح پر خصوصی اہمیت کے حامل ہیں اور دنیا کی چند بڑی کمپنیزان پتھروں کا استعمال اپنی پروڈکشن میں کر رہی ہیں۔اس موقع پر روپانی فاؤنڈیشن کے چئیرمین نے معدنیات کے شعبے میں اپنے ادارے کی کارکردگی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اُن کے ادارے نے اس شعبے سے متعلق گلگت بلتستان کے درجنوں افراد کی تربیت کی ہے جو ایک طرف پرکشش آمدن حاصل کر رہے ہیں اور دوسری طرف اس شعبے کی ترقی میں اہم بھی کردار ادا کر رہے ہیں۔روپانی فاؤنڈیشن کے چئیرمین نے مزید بتایا کہ ان کے ادارے کو اس کے شعبے سے متعلق خصوصی مہارت حاصل ہے اور وہ جدید مشینری الات اور ٹیکنالوجی کی مدد سے اس شعبے کے حوالے سے اپنا خصوصی مقام رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ گلگت بلتستان میں عوام کی اس شعبے کے حوالے سے تربیت کرنے میں ایک متحرک کردار ادا کر سکتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان میں معدنی شعبے کی ناقص کارکردگی کی ایک بڑی وجہ ٹیکنالوجی کا فقدان ہے،جس کے باعث انتہائی قیمتی پتھر اور معدنیات محض خام مال کی صورت میں معمولی قیمت پر برآمد کر دئیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ گلگت بلتستان سے ان معدنیات کی خام مال کی صورت میں برآمدپر پابندی لگائی جائے اور ان قیمتی معدنیات اور پتھروں کو فینشڈ گڈ کی صورت میں ڈھالنے کے لئے وہاں فیکٹریاں لگائی جائیں ،جن سے ایک طرف گلگت بلتستان کے عوام کو روز گار کی تمام تر سہولیات فراہم ہو سکیں تو دوسری جانب اس شعبے سے کثیرآمدن سے گلگت بلتستان میں ترقی و خوشحالی کے نئے سفر کاآغاز کیا جا سکے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کی حکومت گلگت بلتستان میں سیاحت کی ترقی کے لئے بھی بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو یہاں دعوت دے رہی ہے اوراس ضمن میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کے معاہدے جلد متوقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان میں معدنی شعبے کی ترقی اور اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے اس شعبے میں بھی بین الاقومی سرمایہ کار لانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ ان دونوں شعبوں کی ترقی سے اس خطے میں دیر پا خوشحالی کی بنیاد رکھی جا سکے