سیکریٹری واٹر اینڈ پاور شکیوٹ شروٹ بارگو بالا پائین اور تھلداس کے عوام کو سڑکوں پر آنے اور بھرپور احتجاج پر مجبور کررہی ہے،عمائدین علاقہ
بدترین لوڈ شیڈنگ سے مضافات کے عوام کی زندگی اجیرن کردی نظام زندگی درہم برہم اور لوگوں کا جینا حرام ہوگیا،شیر غازی خان،قاری شیر زمان
گلگت(پ۔ر)مسلسل بجلی لوڈ شیڈنگ سے شکیوٹ کے عوام سراپا احتجاج سخت احتجاج کی دھمکی دے دی۔دن رات غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے گلگت کے مضافاتی علاقے مکمل اندھیرے میں ڈوب گئے ہیں۔سیکریٹری واٹر اینڈ پاور اور محکمہ برقیات کے ناروا سلوک اور ظالمانہ پالیسی شکیوٹ شروٹ بارگو بالا پائین اور تھلداس کے عوام کو سڑکوں پر آنے اور بھرپور احتجاج پر مجبور کررہی ہے۔بجلی کی غیر منصفانہ تقسیم اور دیہات کے عوام کو مسلسل نظر انداز کرنے سے مایوسی پھیل رہی ہے اور انکے غیض و غضب میں اضافہ ہورہا ہے۔حکومت فوری طور پرشکیوٹ شروٹ کے عوام کے ساتھ امتیازی سلوک ترک کرے بجلی کی ترسیل کو یقینی بنائے۔ان خیالات کا اظہار شکیوٹ یوتھ مؤومنٹ کے سرپرست شکیوٹ ویلیج کمیٹی کے صدر اور معروف سیاسی و سماجی شخصیت شیر غازی خان نائب خطیب جامع مسجد فاروق اعظم شکیوٹ مولانا قاری شیر زمان ،سماجی شخصیت عبدالمتین اور شکیوٹ یوتھ مؤومنٹ کے صدر قاری حفیظ اللہ نے بجلی کی مسلسل شکیوٹ شروٹ کے عوام کو نظر انداز کرنے اور بجلی کی ترسیل میں امتیازی سکول پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدترین لوڈ شیڈنگ سے مضافات کے عوام کی زندگی اجیرن کردی نظام زندگی درہم برہم اور لوگوں کا جینا حرام ہوگیا۔اس وقت چوبیس گھنٹوں میں صرف دو تین گھنٹے بجلی دی جارہی ہے جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔طلباء اور عوام ذہنی مریض بننے لگے ہیں۔اس کے علاوہ نہم دہم کلاسز کے طلبہ کو امتحانات کی تیاری میں شدید مشکلات ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اگر امیر و غریب اور شہریوں اور دیہات کے عوام کو ایک نظر سے نہیں دیکھے گی تو عوام میں احساس کمتری پیدا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ حالانکہ شہروں کے مقابلے میں دیہات کے سادہ لوح محب وطن عوام بجلی بلوں کو بروقت ادا کرتے ہیں۔اس کے باؤجود انہیں روشنی سے محروم کرنا ظلم و زیادتی کی انتہا ہے۔جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا ہے۔ سابقہ مہدی شاہ حکومت اگر اپنے پانچ سالہ دور میں بجلی کے منصوبوں کو عملی جامع پہناتی تو آج قوم اندھیروں کا شکار نہ ہوتی۔سابقہ حکومت کی طرح موجودہ لیگی حکومت بھی خواب خرگوش میں مصروف ہے۔انہوں نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی بحران کے خاتمے کیلئے ہینزل پاور پراجیکٹ فوری طور پر جنگی بنیادوں پر تعمیر کیا جائے۔اس کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے تمام سپیشل لائنوں اور سپیشل ٹرانسفارمرز کا خاتمہ کرکے منصفانہ بجلی کو بنایا جائے۔شکیوٹ شروٹ کے عوام کیلئے تھرمل جنریٹر سے بجلی فراہم کی جائے ورنہ عوام احتجاج کرنے پر مجبور ہوگی۔