پبلک پرائیویٹ پارنٹر شپ کے تحت پورے صوبے میں بتدریج سمارٹ میٹرز اور سمارٹ کیبل کا نظام نصب کیا جائے گا۔ حافظ حفیظ الرحمن

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارنٹر شپ کے تحت پورے صوبے میں بتدریج سمارٹ میٹرز اور سمارٹ کیبل کا نظام نصب کیا جائے گا۔ اقبال ٹاؤن (کنوداس)گلگت میں سمارٹ میٹرز کا پائلٹ پروجیکٹ انتہائی کامیاب رہا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ سمارٹ میٹرز اور سمارٹ کیبل کا سسٹم نصب کرنے کی وجہ سے گلگت کے مختلف علاقوں کی نسبت اقبال ٹاؤن (کنوداس) کے عوام کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ انتہائی کم ہے اور بجلی کے ولٹیج کا مسئلہ بھی مستقل بنیادوں پر حل ہوا ہے جس کی وجہ سے گلگت کے دیگر علاقوں سے بھی سمارٹ میٹرز اور سمارٹ کیبل کا نظام نصب کرنے کیلئے عوام کا مطالبہ سامنے آرہا ہے۔ صوبائی حکومت نے پہلی مرتبہ پبلک پرائیویٹ پارنٹر شپ کے تحت اس اہم منصوبے کو پورے صوبے میں نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے کاغذی کارروائی مکمل ہوئی ہے۔ بہت جلد اس منصوبے کا ٹینڈر مشتہر کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے صوبائی سیکرٹری برقیات عبدالوحید شاہ کو ہدایت کی ہے کہ ایک ہفتے میں بلنگ کے نظام کو آئن لائن کمپیوٹرائز کئے جائیں۔ نئے بجلی کنکشن حاصل کرنے والوں کو میونسپل اور کونسل سے مکان کا منظور شدہ نقشہ اور این او سی لازمی قرار دی جائے۔ صارفین کو بجلی کے بلوں کی بروقت فراہمی کے حوالے سے شکایات موصول ہورہی ہیں۔ سیکرٹری برقیات بلوں کی فراہمی کے نظام کو مزید شفاف اور بروقت بنانے کیلئے اقدامات کرے تاکہ بروقت بجلی کے بلوں کی ادائیگی ممکن ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے محکمہ برقیات کی جانب سے صوبے میں سمارٹ میٹرز اور سمارٹ کیبل کے نظام کی تنصیب کے حوالے سے دیئے جانے والے بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ تمام سرکاری محکموں کو بروقت بلوں کی ادائیگی یقینی بنانے کا پابند بنایاجائے۔ سمارٹ میٹرز اور سمارٹ کیبل کے نظام کی تنصیب سے بجلی کے موجودہ پیداوار کے تحت بھی گلگت کے عوام کو 12گھنٹے سے زیادہ کی بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکتی ہے اور بجلی کے ولٹیج کا مسئلہ بھی مستقل بنیادوں پر حل ہوسکے گا۔ اس منصوبے کی افادیت اور اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پبلک پرائیویٹ پارنٹر شپ کے تحت صوبے میں اس منصوبے کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلئے نیشنل اور انٹرنیشنل فورمز کو دعوت دی جائے گی تاکہ کامیابی سے سمارٹ میٹرز اور سمارٹ کیبل کا منصوبہ گلگت بلتستان میں نصب کیا جاسکے۔ سمارٹ میٹرز اور سمارٹ کیبل کے نظام کی تنصیب سے بجلی بحران پر بڑی حد تک قابو پانے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ محکمہ روایتی طریقوں سے کام کرنے کے بجائے جدید خطوط پر کام کرنے کیلئے اقدامات کرے۔ گلگت بلتستان میں کسی بھی قدرتی آفات یا ہنگامی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید 13میگاواٹ کے تھرمل جنریٹرز خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے نئے 13میگاواٹ تھرمل جنریٹرز کی خریداری کے بعد 29میگاواٹ تھرمل جنریٹرز بیک اپ کی صلاحیت صوبے میں موجود ہوگی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے نلتر واٹر ٹینک کو جلد از جلد مرمت کرنے اور بجلی کی ترسیل یقینی بنانے کے بھی احکامات دیئے۔

Sharing is caring!

About admin

Daily Mountain Pass Gilgit Baltistan providing latest authentic News. Mountain GB published Epaper too.