گلگت( مونٹین پاس نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان حکومت نے سابق حکومت کے دور میں کئے جانے والے بقایاجات بھی ادا کئے ہیں۔ غیر ضروری طور پر حکومت پر بقایاجات کا بوجھ نہ پڑے اس وجہ سے بغیر منظوری کے کام کروانے پر پابندی عائد کی ہے۔ اس سال غیر متوقع طور پر برفباری بہت زیادہ ہوئی ہے جس کی وجہ سے واٹر چینلز متاثر ہونے خدشہ موجود ہے لہٰذا قبل از وقت متعلقہ محکمے ضروری اقدامات یقینی بنائیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے محکمہ پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان پولیس کی کارکردگی مثالی اور قابل تحسین ہے۔ گلگت بلتستان پولیس کے جوانوں نے دہشتگردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ ان کی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی کابینہ نے محکمہ پولیس کے جوانوں کے اپ گریڈیشن کی منظوری دی جاتی ہے جس پر عملدرآمد یکم اپریل سے ہوگا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ ضلع ہنزہ اور غذر کے علاوہ تمام اضلاع کے محکمہ برقیات اور محکمہ تعمیرات کے فلڈ کے بقایاجات ادا کئے جائیں اور ان دو اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ جلد از جلد فلڈ کے دوران کئے جانے والے کام کی ویری فیکشن مکمل کریں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے صوبائی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ صوبے میں جاری تعمیر و ترقی کے رفتار کو مزید تیز کرنے کیلئے محکمہ پلاننگ، خزانہ، تعمیرات اور دیگر محکموں کے مابین روابت کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ گلگت بلتستان واحد صوبہ ہے جس کا ترقیاتی بجٹ 100فیصد استعمال ہورہاہے۔ وفاق سمیت تمام صوبوں میں اپوزیشن ممبران کو ترقیاتی بجٹ نہیں ملتا ہے ۔ گلگت بلتستان حکومت نے بلاتفرق تمام اضلاع میں عوام کے ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی بجٹ کی تقسیم یقینی بنائی اور منصوبے شروع کئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ خصوصی افراد کے حقوق فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے ملازمتوں میں مختص کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا محکمہ صحت میں قائم انڈومنٹ میں سے پانچ فیصد خصوصی افراد کیلئے کوٹہ مختص کیا جائے گا تمام سرکاری عمارتوں میں خصوصی افراد کی رسائی یقینی بنائی جائے۔ پی سی ون کی منظوری سے قبل خصوصی افراد کی رسائی کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ سرکاری عمارتوں کے علاوہ پرائیویٹ سکولوں اور ہسپتالوں میں بھی خصوصی افراد کی رسائی کو لازمی قرار دی جائے۔ صوبے میں بلڈنگ کورٹس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائی جائے این او سی کے بغیر بجلی اور پانی کے کنکشنز پر پابندی عائد کی جائے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے انڈومنٹ فنڈز کے رولز کی تیاری اور استعمال میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صحت، تعلیم اور دیگر تمام متعلقہ محکموں جن میں انڈومنٹ فنڈز قائم کئے ہیں کو جلد از جلد رولز تیار کئے جائیں تاکہ عوام حکومتی اقدامات سے مستفید ہوسکے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ گلگت بلتستان پہلا صوبہ ہے جس نے اپنے ملازمین کی ہیلتھ اور لائف انشورنس کرانے کا فیصلہ کیا جس کی کابینہ میں منظوری دی جارہی ہے تاکہ ملازمین کو زیادہ سے زیادہ فائدہ اور صوبے میں پرائیویٹ سیکٹر کو فروغ دیا جاسکے۔ 2020ء تک گلگت بلتستان کی تمام آبادی کا انشورنس کرائی جائے گی اور گلگت بلتستان آنے والے سیاحوں کو بھی انشورنس لازمی قرار دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ گلگت بلتستان میں غیرمعیاری اشیاء کی فروخت پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد کیلئے متعلقہ محکمے فوری طور پر اقدامات کرے تاکہ کسی بھی کو بھی انسانی جانوں کیساتھ کھیلنے کی ہمت نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنگلات کے فروغ کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے محکمہ جنگلات میں قائم ایف آر ایف فنڈ سے دیامر کی تعمیر و ترقی اور جنگلات کے تحفظ کیلئے اقدامات کئے جائیں گے جس کیلئے کمیٹی بنائی گئی ہے۔ تعمیر و ترقی کے اس سفر کو مزید بہتر کو تیز بنانے کیلئے 30لاکھ سے کم کے ترقیاتی منصوبے محکمہ بلدیات کے ذریعے مکمل کرائے جائیں گے اور ان منصوبوں میں چیک اینڈ بیلنس کا نظام موثر بنایا جائے گا۔ سیپ سکولوں کے اساتذہ کی مستقلی کیلئے بنائی جانے والی کمیٹی 15دنوں میں اپنی سفارشات مکمل کرکے متعلقہ فورم میں پیش کرے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ اسمبلی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گااس حوالے سے تمام محکمے اسمبلی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور رپورٹ پیش کریں۔ اسمبلی اجلاس میں تمام محکموں کے نمائندے اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔