پرائیوٹ سکولوں کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ،وائس چانسلر
پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن گلگت بلتستان نے وائس چانسلر اور شعبہ امتحانات پر اعتماد کا اظہار کردیا
KIUہمارا مادر علمیاورہم نادیدہ سپاہی ہیں،ہمارے اکثریتی اساتذہ KIUسے ہی فارغ التحصیل ہیں
گلگت ( مونٹین پاس نیوز) پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن گلگت بلتستان نے قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی قیادت اور شعبہ امتحانات پر اعتماد کا اظہار کردیا۔ پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے ایک نمائندہ وفد نے ایسوسی ایشن کے صدر اکرام الدین حیدر کی قیادت میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ سے ملاقات کی اور گلگت بلتستان کے دور دراز شہری و دیہی علاقوں میں امتحانی امور کو احسن طریقے سے سرانجام دینے پر یونیورسٹی انتظامیہ بالخصوص وائس چانسلر اور شعبہ امتحانات کا شکریہ ادا کیا اور ایسوسی ایشن کی سطح پر ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وفدنے وائس چانسلر کو بتایاکہ KIUہمارا مادر علمی ہے۔ہم اس کے نادیدہ سپاہی ہیں۔ ہمارے سکولوں میں پڑھانے والے اکثریتی اساتذہ KIUسے ہی فارغ التحصیل ہیں، ہم اس یونیورسٹی کو مزید ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون و کوشش کریں گے۔ وائس چانسلر نے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی گلگت بلتستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے گراں قدر خدمات ہیں،جن کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ یونیورسٹی صرف اس میں کام کرنے اور پڑھنے پڑھانے والوں کا نہیں ، بلکہ یہ گلگت بلتستان کے ہر فرد کا قومی ادارہ ہے،ہم امتحانات کے مختلف امور میں نجی سکولوں کی شراکت اور مفید تجاویز کا خیر مقدم کریں گے۔ امتحانات کے انعقاد اور دیگر امتحانی عمل میں نجی سکولوں کے قابل و تجربہ کار اساتذہ کی خدمات سے استفادہ کریں گے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود شعبہ امتحانات گلگت بلتستان کے دورافتادہ علاقوں میں امتحانات منعقد کرانے کی سہولیات فراہم کررہاہے، تاکہ یہاں کا کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہ جائے۔ ہم یونیورسٹی میں ریسرچ ، معیاری تعلیم ، جدید تعلیم اور سٹاف و اساتذہ کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت کام کرنے کے ساتھ ساتھ امتحانی امور بھی احسن طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں۔ اس شعبے میں مزید بہتری لانے کیلئے بتدریج ٹھوس اقدامات اٹھارہے ہیں۔ جس کے ثمرات بلواسطہ اور بلاواسطہ یہاں کے لوگوں کو ملیں گے۔