گلگت ( پ۔ر)پیپلز سیکریڑیٹ گلگت بلتستان کے صوبائی ترجمان شہزاد حسین الہامی نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سے کالعدم تنظیموں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد عمران نیازی نے کالعدم تنظیموں کی بجائے بلاول بھٹو زرداری کے خلاف سیاسی انتقامی کاروائی کا آغاز کر دیا ۔ اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں پر تشدد اور گرفتاریوں سے آمریت کی یاد تازہ ہو گئی ۔عمران نیازی کو سیاسی کارکنوں کی طاقت کا اندازہ نہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے نیب کے ادارے کو سیاسی انجینئرنگ کرنے والا ادارہ بنا دیا ہے اورنیب کا احتساب سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ سیاسی ادارہ بن چکا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران نیازی ہوش کے ناخن لیں اور پیپلزپارٹی کے گرفتار کارکنوں کا فوری طور پر رہا کریں بصورت دیگر پیپلز پارٹی کے جیالے پورے ملک سمیت گلگت بلتستان میں سٹرکوں پر نکلیں گے ۔شہزاد الہامی کا مزید کہنا تھا کہ عمران نیازی وزیر اعظم بنے کے بعد اپنی ماضی بھول چکے ہیں ۔مگر قوم اسکی ماضی کو نہیں بھولی ۔