گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو فعال کیا گیا۔ حافظ حفیظ الرحمن

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے گلگت بلتستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے اور بروقت کسی بھی قدرتی آفت کے موقع پر بروقت امدادی کارروائی کیلئے اقدامات کئے ہیں۔ گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو فعال کیا گیا۔ میرٹ پر سٹاف کی بھرتیاں عمل میں لائی گئی۔ ایک ارب کی خطیر رقم سے تمام اضلاع کیلئے جدید مشینری خریدی گئی ہے۔45 کروڑ کا انڈومنٹ فنڈ قائم کیا جاچکا ہے جس میں دوست ممالک اور ڈونرز کے تعاون سے مزید اضافہ کیا جارہاہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ اس سال گلگت بلتستان میں غیرمتوقع طور پر برف باری معمول سے بہت زیادہ ہوئی ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ سیلاب اور دیگر قدرتی آفات سے نمٹنے اور بروقت امداد یقینی بنایا جاسکے۔ حکومت گلگت بلتستان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ گلگت بلتستان میں مزید چار اضلاع کا اضافہ کیا گیاہے جس سے اب گلگت بلتستان 14 اضلاع پر مشتمل ہواہے۔چھوٹے یونٹس بنانے کا بنیادی مقصد سروس ڈیلوری کو بہتر بنانا ہے۔ عوام کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی ترجیحات میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے ہیومینٹرین رسپانس فیسلٹی گلگت بلتستان کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ ڈونرز اور دوست ممالک کے تعاون دیامر اور بلتستان ریجن میں ہیومینٹرین رسپانس فیسلٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا اس حوالے سے حکومت گلگت بلتستان حکومت کینڈا، حکومت اسٹریلیا، ڈبلیوڈبلیو ایف اور دیگر ڈونرز کو دعوت دیتی ہے کہ دیگر ریجن میں بھی ویئرہاؤسز کے قیام میں حکومت گلگت بلتستان کیساتھ تعاون کرے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ پاکستان کے دیگر صوبے کے پاس اپنے وسائل ہیں اوروفاق سے بھی انہیں زیادہ شیئر ملتا ہے۔ڈونر ایجنسیز اور دوست ممالک گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور کسی بھی قدرتی آفت سے نمٹنے کیلئے متعلقہ اداروں کی صلاحیتوں میں اضافے میں اپنا زیادہ کردار ادا کریں تاکہ گلگت بلتستان کا یہ دور افتادہ علاقہ مختلف چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنے پاؤں کھڑا ہوسکے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ گلگت بلتستان وہ علاقہ ہے جہاں پر ملک کے دیگر حصوں کی نسبت سب سے زیادہ گلیشئرز پائے جاتے ہیں ماحولیات اور گلیشئرز کے تحفظ کیلئے حکومت گلگت بلتستان اپنے حصے کا کام کررہی ہے۔ اسی سلسلے میں 2020 تک صوبے کو پلاسٹک فری بنایا جائے گا۔ تمام اضلاع میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کا قیام عمل میں لایا جارہاہے۔ ماحولیات اور گلیشئرز کے تحفظ کو یقینی بنانے میں بین الاقوامی ادارے، دوست ممالک اور ڈونر ایجنسیز حکومت گلگت بلتستان کیساتھ مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ تقریب سے آسٹریلین ہائی کمشنر، کینڈئن ڈپٹی ہائی کمشنر، ڈبلیو ڈبلیو ایف کے کنٹری ڈائریکٹر سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات نے خطاب کیا۔

Sharing is caring!

About admin

Daily Mountain Pass Gilgit Baltistan providing latest authentic News. Mountain GB published Epaper too.