گلگت (پ.ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ اور صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نئے اضلاع کی حامی ہے۔گلگت بلتستان میں ابتدائی طور پر نئے اضلاع بنانے کا اعزاز بھی پیپلزپارٹی کو حاصل ہے۔حفیظ الرحمٰن کو شاہد خاقان عباسی کے دور میں نئے اضلاع کا نوٹیفکیشن لے کر دیامر جانا چاہئے تھا مگر وہ ناکام رہے اس لئے اب وہ محض سیاسی چال چل رہے ہیں۔نئے اضلاع کا اعلان ہوائی لگ رہا ہے اور یہ گورنر اور وزیر اعلیٰ کا کڑا امتحان ہے۔اگر واقعی میں اضلاع کا قیام عمل میں آیا تو چار سالہ دورِ اقتدار میں یہ حفیظ الرحمٰن کا واحد بہترین کام ہوگا اور پیپلزپارٹی اس کو سراہے گی۔وزیرِ اعلیٰ نے اس حوالے سے ایک ماہ کا وقت دیا تھا جس میں سے پچیس دن گزر چکے ہیں۔اگر نئے اضلاع کا اعلان ڈھونگ ثابت ہوا تو دیامر،روندو اور غذر کے عوام حفیظ الرحمٰن کا جوتوں سے استقبال کریں گے۔وزیراعظم عمران خان صوبائی حکومت کی سمری پر ہرگز دستخط نہیں کریں گے کیونکہ وہ اس کا کریڈٹ خود لینا چاہتے ہیں۔مگر اس حوالے سے انکے پاس ابھی گلگت بلتستان کے لئے وقت نہیں ہے جو کہ نہایت بدقسمتی اور تحریک انصاف کی صوبائی قیادت کی سراسر نااہلی ہے جو گلگت بلتستان کے مسائل کو وفاقی سطح پر اجاگر نہیں کر سکتے ہیں.اس موقع پر انہوں نے یوم مزدور کے حوالے سے کہا کہ کسی بھی ملک کی تعمیر و ترقی میں محنت کشوں کا اہم کردار ہوتا ہے۔پیپلز پارٹی اس دن کے موقع پر مزدوروں,کسانوں اور محنت کشوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں یقین دلاتی ہے کہ ہم ہمیشہ کی طرح انکے حقوق کے لئے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔پیپلز پارٹی نے اپنے ہر دور حکومت میں مزدوروں کے حقوق کے لئے نہ صرف قانون سازی کی ہے بلکہ عملی اقدامات کئے ہیں اور انکی بنیادی اجرت میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے۔پیپلز پارٹی کو یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ پاکستان میں کسی بھی سیاسی جماعت میں سب سے پہلے لیبر ونگ کا قیام عمل میں لایا یہاں تک کہ کم آمدنی والے مرد و خواتین کو سینیٹ اور اسمبلیوں میں نمائندگی دی۔پیپلز پارٹی کے بنیادی منشور میں محنت کشوں کے لئے عملی اقدامات کی ترجیحات بھی شامل ہیں۔ذوالفقار علی بھٹو شہید سیاست کو عالی شان محلات سے نکال کر گلی محلوں تک لے آئے یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے محنت کش آج بھی انکے پرستار ہیں۔اسی طرح محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے بھی اپنے دونوں ادوار میں محنت کشوں کے حقوق کے لئے بھر پور عملی اقدامات کئے۔پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کم آمدنی والے طبقوں اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے۔اور سب سے زیادہ روز گار فراہم کیا ہے۔پیپلز پارٹی مستقبل میں بھی اپنے نوجوان قائد بلاول بھٹو کی قیادت میں مزدوروں اور دیگر محنت کشوں کے حقوق کے لئے بھر پور اقدامات کرے گی۔