گلگت (نمائندہ خصوصی) پیپلز لیبر بیورو گلگت بلتستان کے زیر اہتمام عالمی یوم مزدور کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے سینئر نائب صدر جمیل احمد، پیپلز پارٹی ضلع استور کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر مظفر ریلے، صوبائی ترجمان شہزاد حسین الہامی، بی ڈبلیو او کے صوبائی صدر جمیل قریشی، لیبر بیورو گلگت ڈویژن کے صدر محمد علی شاہ ودیگر نے کہا کہ آج کے دن پیپلزپارٹی گلگت بلتستان شکاگو میں اپنی جان کا نذ رانہ پیش کرنے والے مزدوروں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ شکاگو کے مزدوروں کی قربانی کے بعد مزدوروں سے 8 گھنٹے کام لیا جانے لگا اس پہلے مزدوروں سے 24گھنٹے کام لیاجاتا تھا۔ پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی ہے ہمیشہ غریب اور متوسط طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا ہے۔ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے ملک میں کسانوں، ہاریوں اور محنت کش طبقے کی آواز بن کر جدوجہد کی اور ان کی ضروریات روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگاکر ان کے حقوق کے حصول کیلئے متحد کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی اور مزدور وں کا رشتہ شروع دن سے مضبوط ہے جبکہ مسلم لیگ ن اور دیگر سیاسی جماعتیں جب بھی اقتدار میں آتی ہیں تو غریب طبقے کا استحصال کیا جاتا ہے اور ایلیٹ کلاس کے لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے پالیسیاں بنائی جاتی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے غریب عوام کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا گیا۔ تقریب سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی سابق صوبائی حکومت نے گلگت بلتستان میں 20 ہزار سے زیادہ لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے تو دوسری طرف پولیس، پیرا میڈیکل سٹاف اور اساتذہ کی تنخواہیں دوگنی کردی جبکہ موجودہ مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت کے چار مکمل ہورہے ہیں لیکن ان چار سالوں میں حفیظ الرحمن بتائے اس نے وفاق سے کتنی نوکریاں لائی۔ اقتدار کی آخری سال میں حفیظ سرکار جھوٹے اعلانات کرکے گلگت بلتستان کے غیور عوام کو بیوقوف بنانے کے چکروں میں ہے لیکن عوام باشعور ہوچکی ہے اور حفیظ سرکار کے دوغلاپن اور جھوٹے اعلانات پر کبھی یقین نہیں کریں گے۔ گلگت بلتستان میں ملازمین کو تنخواہیں نہیں مل رہی ہیں جبکہ دوسری جانب حفیظ الرحمن عوامی بجٹ کو اپنے عیاشیوں پر خرچ کررہے ہیں جس کی واضع مثال اپنے لئے 8کروڑ روپے کابلٹ پروف گاڑی خریدی ہے جوکہ گلگت بلتستان کے عوام کیساتھ ظلم کے مترادف ہے۔ حفیظ الرحمن 8کروڑ روپے اپنے محلے کی سڑکوں اور گلیوں پر لگاتے تو عوام کی مشکلات کم ہوتی۔ گلگت شہر میں سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہے تو حفیظ الرحمن بڑی بڑی گاڑیوں میں سیاسی دورے کررہے ہیں۔ گلگت بلتستان میں کام کرنے والے محنت کشوں کی تنخواہیں بہت کم ہے وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ اجرت کم سے کم 15 ہزار مقرر کی گئی ہے مگر گلگت بلتستان میں اس پر ابھی تک عملدرآمد نہیں ہواہے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ اجرت بہت کم ہے پیپلز پارٹی گلگت بلتستان مطالبہ کرتی ہے کہ محنت کشوں کی اجرت کم سے کم40ہزار مقرر کی جائے۔