گلگت (مونٹین پاس نیوز) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان فاروق میر نے سنٹرل سیکریٹریٹ میں یوم مزدور کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شکاگو کے مزدوروں نے مزدوری کے حقوق پر آواز اٹھانے اور قیمتی جانوں کی قربانی دیکر ایک عظیم قربانی دی، آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے کہ ظلم اور جبر کے خلاف آواز اٹھانا وقت کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ملک سے دہشت گردی، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا، ملک کی معیشت بہتر کی، مہنگائی میں کمی کی، مزدور اور عام آدمی کی زندگی کو آسان بنایا۔ آج نیا پاکستان کے نام پر قوم سے جھوٹ بولا گیا، محض نو ماہ کے اندر مہنگائی کا سیلاب آچکا ہے دوائی بھی غریب اور عام لوگوں کی دسترس سے باہر ہو چکی ہے، گیس، بجلی اور پیٹرول کے مہنگا ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کا جینا مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے احساس مزدور کی بات کرکے مزدوروں کے پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے یہ کیسی وفاقی حکومت ہے کیسی عوامی حکومت ہے جس کو عام لوگوں کی ضروریات کا نہیں پتہ۔ آج گلگت بلتستان جیسے دور آفتادہ علاقے کے لوگوں کے زکواۃ کے محکمے کے بھی ایک کروڑ روپے کے بجٹ میں کمی کی گئی۔ اس عوام دشمن اقدام سے انتہائی غریب لوگوں پر اثر پڑے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چار صوبوں کے عوام کو محض نو ماہ میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی حکومت یاد آئی ہے۔ پورے پاکستان کے عوام تبدیلی سرکار کے جھانسے کو سمجھ چکی ہے، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پر ان کی بائیس سالہ سیاسی تاریخ پر جن جن شخصیات نے پیسے لگائے وہ شخصیات آج اربوں روپے کما رہی ہیں ان کی کمائی کا براہ راست اثر عام لوگوں پر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی کارکردگی پیپلز پارٹی سے بھی بد تر ثابت ہوگی، انہوں نے کہا کہ آج پورے پاکستان کی نظریں مسلم لیگ ن پر ہیں، مسلم لیگ ن قوم کو مایوس نہیں کریگی۔ تقریب سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے سپیشل کو آرڈنیٹر رضوا ن راٹھور، مسلم لیگ ن لیبر ونگ جی بی کے نائب صدر صابر جان، مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے کو آرڈنیٹر محمد اشفاق، گلاب خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا