گلگت(پ ر) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں عالمی یوم صحافت کے سلسلے میں شاندار تقریب کا اہتمام کیاگیا۔تقریب کا مقصد معاشرے کی تعمیر وترقی میں میڈیا کا کردار،آزاد میڈیاسے ملکی ترقی، محددو وسائل اور خطرات کے باوجود عوام تک معلومات فراہم کرنے والے صحافی برادری کی خدمات سے آگاہی دلانے سمیت صحافت کے شعبے میں خدمات سرانجام دینے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔عالمی یوم صحافت کے حوالے سے منعقد ہ تقریب کااہتمام قراقرم یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغ عامہ نے کیاتھا۔تقریب میں گلگت بلتستان کے سینئر صحافی وکالم نگار شبیر میراور ثمر عباس قزا فی نے خصوصی شرکت کی۔ان کے ہمراہ شعبہ میڈیا کے اساتذہ اور طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد شریک تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے سینئر صحافی و کالم نگار شبیر میر اور ثمرعباس قزافی نے کہاکہ آزادی رائے کے ذریعے ہی معاشرے ترقی کرتے ہیں۔دنیامیں جن ممالک نے ترقی کی بلندیاں طے کی ہیں۔ان کی اصل وجہ آزادی رائے و خیا ل ہے۔انہوں نے کہاکہ عالمی یوم صحافت منانے کا مقصد جہاں صحافت سے وابستہ افرا د کے مسائل ومشکلات اور ان کی معاشرے کے لیے دی جانے والے خدمات کا تذکررہ کرناہے وہی پر اس شعبے سے وابستہ افراد میں احساس زمہ داری بھی پید اکراناہے۔انہوں نے کہاکہ صحافت اور قوم کا چولی دامن کا ساتھ ہیں۔قوم کی تعمیر صحافت کے ساتھ ہے اور صحافت کی تعمیر قوم کے ساتھ ہے۔لہذا شعبہ ابلاغ عامہ سے وابستہ طالبہ وطالبات اپنے اندر ایسی خوصیات پید ا کریں جن سے معاشرے کو فائدہ حاصل ہو۔جب اکیڈمک سفر طے کرکے صحافت کے میدان میں اترجائینگے تو ایک بہترین صحافی کے طورپر ابھرنے کی سوچ لے کر تعلیم حاصل کریں تاکہ عملی میدا ن میں آکر حقیقی طور پر معاشرے کی آنکھ و کان کا کردار ادا کرسکیں۔