اسلام آباد(مویٹین پاس نیوز )رمضان سے قبل پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کافیصلہ ظالمانہ اقدام ہے ،نیا پاکستان عوام کے لئے مہنگا پاکستان بن گیا ہے ۔حکومت ریلیف نہیں دے سکتی تو عوام کی مشکلات میں اضافہ بھی نا کرئے پڑول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے فیصلے کو فوری طورپر واپس لیا جائے ان خیالات کااظہار مرکزی سیکرٹری سیاسیات ایم ڈبلیوایم سید اسد عباس نقوی نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا ،اگست 2018 سے مئی 2019 تک وفاقی حکومت نے چار سے زیادہ مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا چکا ہے حکومت کی جانب سے قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ پی ٹی آئی کی حکومت نے کیا۔جب تحریک انصاف کی حکومت نے اگست 2018 میں اقتدار سنبھالا تھا۔اس وقت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 95 روپے 24 پیسے تھی جبکہ آج اس کی قیمت108 روپے ہے انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں گراں فروشوں کی مصنوعی مہنگائی میں اضافے سے تنگ عام آدمی کے لئے اشیائے خوردونوش کی سستے داموں دستیابی مشکل ہو جاتی ہے ایسے میں حکومت کی جانب سے بجائے ریلیف دینے کے پڑول کی قیمتوں میں اضافے نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔ناقص معاشی پالیسیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔عید پر ٹرانسپورٹ کمپنیوںوا لے من مرضی کے کرائے لیتے ہیںجبکہ اب پٹرول کی قیمت کی اضافے کی وجہ سے غریب آدمی اپنے پیاروں کے ساتھ عید کیسے گزارے گا؟ غریب عوام کے گھر کا چولہا پہلے ہی بڑی مشکل سے جلتاہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ فی الفور واپس لیا جائے۔
مرکزی میڈیاسیل ایم ڈبلیو ایم