ہنزہ۔نگر۔گوجال( )وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائےموسمی تبدیلی ملک امین اسلم خان نے کہا ہے گلگت بلتستان کی حسین وادیوں کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کیلئے حکومت پاکستان بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گلیشیئرز کےممکنہ تباہی اور پھیلاو سے بچانے کیلئے 40 نئے ارلی وارننگ سینٹرز نصب کئیے جائیں گے۔ موسمی تبدیلیوں سے مقابلہ کرنے کا واحد طریقہ علاقے میں زیادہ سے زیادہ درخت اگانا ہے ۔ 10 بیلین ٹری سونامی منصوبے کا آغاز ہوچکا ہے جس کے ذریعے اگلے 4 سالوں میں17 کروڑ نئے پودے و درخت اگائے جائیں گے،پودے ہم فراہم کرینگے اور اس کی حفاظت آپ نے کرنا ہے ۔ہر جگہ نرسریاں بنائیں گے جس کیلئے فنڈ وفاقی حکومت مہیا کریگی۔ ان کا کہنا تھا کہ گلاف ii پراجیکٹ گلگت بلتستان میں موسمی تبدیلی اور اس کے بچاو کیلئے نئی اصلاحات متعارف کررہی ہے اس حوالے سے گلگت بلتستان میں گلاف ii پراجیکٹ کا صوبائی سیٹ اپ بھی عمل میں آچکا ہے اور اسی پراجیکٹ کے ماہرین اپنے تجربے کی بنیاد پر علاقے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایات پر گلگت بلتستان کیلئے میگا پراجیکت لارہے ہیں جس میں گلاف ii پراجیکٹ کے ذریعے 40 ملین کی خطیر لاگت سے اہم منصوبوں کا آغاز کررہے ہیں ۔آغاخان کلچر فاونڈیشن کے ذریعے 8 مختلف علاقوں میں سیاحت کے فروغ کیلئے کام کررہے ہیں جس کو responsible tourism کا نام دیاگیا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے نگر ،ہنزہ اور گوجال میں منعقدہ مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے گلگت بلتستان کی شاہراہوں کی بہتری کیلئے صدر پاکستان سے خصوصی بات کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ خطے کے مواصلاتی نظام کو بہتر سے بہتر بنایا جائے گا۔وزیر اعظم پاکستان کوگلگت بلتستان سے بے پناہ محبت ہے اسلیئے بطور خاص مجھے ان علاقوں کے دورے پر بھیجا ہے تاکہ میں خود ان علاقوں کا دورہ کرکے یہاں کے مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ان کا حل بھی ڈھونڈا جاسکے۔ پورے پاکستان کیلئے ایکو ٹوریزم کے حوالے سے ہنزہ اور نگر کو ماڈل وادیاں بنائیں گے ۔یہاں کے عوام کو روزگار ملے گا جس میں کمیونٹیز مستفید ہونگے۔گلگت بلتستان کے گلیشیئر پاکستان کیلئے بڑی اہمیت رکھتے ہیں ۔ہمیں ان کو بچانا ہے۔گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل،جنگلات و جنگلی حیات کا تحفظ ہم سب کا فرض ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاح آئیں اور یہاں کی خوبصورتی دیکھ کر جائیں اور یہاں کے ماحولیاتی نظام کا خاص خیال رکھیں تاکہ علاقہ ماحولیاتی آلودگی سے بچا جا سکے۔ ۔وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اسلیئےان علاقوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔علاقے کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے وفاق سنجیدہ اقدامات بھی کررہی ہے ۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان گلگت بلتستان کی بھی فکر کررہا ہے اور پورے پاکستان کا بھی۔پاکستان کو مسائل کے دلدل سے باہر نکالیں گے ۔ہم سب نے اپنے ملک کی بہتری اور تعمیر و ترقی کا سوچنا ہے تاکہ دنیا میں ہمارا مزید بہتر امیج اجاگر ہو۔