عوامی ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام چارٹر اف ڈیمانڈ اور موجودہ عوامی مسائل کے حل کیلئے دھرنا

عوامی ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام چارٹر اف ڈیمانڈ  اور موجودہ عوامی مسائل کے حل کیلئے ایک عظیم الشان دھرنا مورخہ ۵دسمبر بروز اتوار اتحاد چوک گلگت میں منعقد ہوا دھرنا صبح ١٠بجے سے شام تک جاری رہا۔ دھرنے کے اختتام پر متفقہ طور پر درجہ زیل قرارداد منظور کی گئی۔
١۔ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی بدولت عوام مہنگائی کے طوفان تلے دب چکے ہیں حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر مہنگائی میں کمی کیلئے اقدامات اٹھائے اور گلگت بلتستان کی غریب عوام کیلئے خصوصی ریلیف پیکیج کا اعلان کرے۔
٢۔طویل لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے حکومت فوری اقدامات اٹھائے اور تاجروں کو وعدے کے مطابق کمرشل لائن الگ کرکے دن کے اوقات میں تجارتی مراکز کو بجلی فراہم کی جائے ۔
٣۔گندم سبسڈی میں کٹوتی ،قیمتوں میں اضافے اور ناقص گندم کی فراہمی کو مسترد کرتے ہوئے واضح کرتے ہیں کہ حکومت گندم کٹوتی کو واپس لے اور  گندم کے معیار کو بہتر کرے اور قیمتیں بڑھانے کی غلطی نہ کی جائے۔
۴۔ عوامی ایکشن کمیٹی خالصہ سرکار کے نام پر عوامی زمینوں کی لوٹ مار کو مسترد کرتے ہوئے واضح کرتی ہے کہ گلگت بلتستان کی ایک ایک انچ زمین یہاں کی عوام کی ملکیت ہے عوام ایکشن کمیٹی ایک انچ زمین پر بھی قبضہ کرنے نہیں دیگی
۵۔حکومت مائننگ سے وابستہ مقامی افراد کو تنگ کرنے کے بجائے انکو سہولیات فراہم کرے اور آسانیاں پیدا کرے تاکہ گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل سے یہاں کی عوام زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکے۔
٦۔ بلتستان کے ہزاروں طلبہ کو یونیورسٹی اور کالجوں میں داخلے نہ ملنا قابل تشویش ہے  فوری طور پر بلتستان اور گلگت کے طلبہ کو  داخلے دئے جائیں۔
٧۔  اسمبلی سے قراداد پاس ہونے کے باوجود کارگل سکردو روڈ نہ کھولنا لمحہ فکریہ ہے حکومت فوری طور پر سکردو کارگل روڈ کھول کر منقسم خاندانوں کو ملنے کا موقع فراہم کرے۔
٨۔ گلگت بلتستان کیبل آپریٹرز پر غیر قانونی طور پر پیمرا کے مسلط ہونے اور کیبل آپریٹرز سے لاکھوں روپے کےبے جا فیسوں کی  زبردستی وصولیوں کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان میں پیمرا کا کوئی رول نہیں مقامی کیبل آپریٹرز کو تنگ نہ کیا جائے۔
٩۔ حکومت کی عوامی وسائل سے بلاضرورت کوآرڈنیٹرز کی فوج کی بھرتیوں اور چالیس کروڑ کی مہنگی گاڑیوں کی خریداری کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتےہیں کہ لوٹ مار کا یہ سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے اور حکومت اپنے اخراجات میں کمی لائے اور عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کرے۔
١٠۔ وفاقی ملازمتوں میں گلگت بلتستان کا کوٹہ کم کر کے وفاقی ملازمتوں سے گلگت بلتستان کے طلبہ کو دور کیا گیا ہے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت فوری طور پر وفاق سے بات کرکے فوری طور پر کم ازکم چار فیصد کوٹہ مختص کروائے۔
١١۔ گلگت شندور روڈ میں غذر کی عوام کو زمین کی مناسب قیمت ادا کی جائے اور روڈ کے نام پر ڈیڑھ سو فٹ زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کی مذمت کرتے ہیں  روڈ کیلئے ضرورت کے مطابق زمین لی جائے۔
١٢۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے باقی ماندہ چارٹر آف ڈیمانڈ پر حکومت فوری طور عملدرآمد پر عمل درآمد کروائے بصورت دیگر عوامی ایکشن کمیٹی ان تمام مطالبات کے حل کیلئے باقاعدہ اس تحریک کو پورے گلگت بلتستان میں پھیلائیگی اور مستقل دھرنے کا اعلان کریگی۔
 *ان تمام مطالبات کے حل کیلئےحکومت کو ایک ماہ کا وقت دیا جاتا ہےازالے کو یقینی بنایا جائے ایک ماہ بعد سابقہ روایات کی طرح گلگت بلتستان بھر میں تحریک کا آغاز کیا جائے گا* .
 *”ظہیر قاسمی “*
“مرکزی ترجمان عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان”*

Sharing is caring!

About Samar Abbas Qazafi

Samar Abbas Qazafi is Cheif Editor / Owner of Daily Mountain Pass Gilgit Baltistan