تحریک انصاف کی جھوٹ اور الزام تراشی پر مبنی سیاست زمین بوس ہو چکی ہے۔سعدیہ دانش رکن اسمبلی پاکستان پیپلزپارٹی
اسلام آباد (پ۔ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات و رکن اسمبلی سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ صوبائی گلگت بلتستان کا بجٹ بنی گالہ اور زمان پارک پر لگا کر وفاقی حکومت پر الزام تراشی کر رہی ہے۔
ملکی سیاست میں تحریکِ انصاف اور عمران نیازی کا کردار صرف تماشائی کا رہ گیا ہے۔ تحریک انصاف کی جھوٹ اور الزام تراشی پر مبنی سیاست زمین بوس ہو چکی ہے۔ صوبائی حکومت بدترین کرپشن، نااہلی اور بدانتظامی کی وجہ سے مالی بحران کا شکار ہوئی ہے اب یہ لوگ اپنی نااہلی کا ملبہ وفاقی حکومت پر ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ صوبائی حکومت نے بیڈ گورننس کی بدترین مثالیں قائم کی ہیں عمران نیازی نے جس طرح چار سالوں میں ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا اس کے پیروکار وہی حال گلگت بلتستان کی معیشت کا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کی حکومت نے علاقے کو ترقی کے بجائے تنزلی کی راہ پر لگا دیا ہے۔ عمران نیازی نے جس طرح وفاق میں الزام تراشی کے سوا کچھ نہیں کیا اسی طرح وزیر اعلی اور کابینہ کی کارکردگی بھی سیاسی مخالفین پر الزام تراشی کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ستر سالوں میں ملکی معیشت کو اتنا نقصان نہیں پہنچا تھا جتنا عمران نیازی نے پونے چار سالوں میں پہنچایا۔ وفاقی حکومت تباہ حال معیشت کی بحالی کے لئے سر توڑ کوششیں کر رہی ہے خصوصاً چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیر خارجہ جس طرح مختصر وقت میں عالمی سطح پر ملکی وقار میں اضافہ کیا ہے اور کھویا ہوا اعتماد بحال کیا ہے وہ لائقِ تحسین اور قابل تقلید ہے وزیر خارجہ اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دنیا کے سامنے سیلاب زدگان کا کیس جس طرح سے پیش کیا اور پاکستان کی معیشت کو درپیش مشکلات کو جس طرح اجاگر کیا اور پوری دنیا کی توجہ پاکستان کی طرف دلائی اور بین الاقوامی فورمز میں جس طرح پاکستان کی نمائندگی کی اور پاکستان کا ایک مثبت امیج دنیا کے سامنے لائے وہ صرف اور صرف شہید ذوالفقار علی بھٹو کا جانشین ہی کر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں آنے والا وقت پیپلز پارٹی کا ہے ملک کی باگ ڈور پیپلزپارٹی کی قیادت کے ہاتھوں میں جب بھی آئی روزگار کے دروازے کھلے ہیں محروم طبقات کی بھر پور نمائندگی اور حوصلہ افزائی کی گئی ہے مہنگائی میں کمی اور تنخواہوں میں اضافے جیسی خوشخبریاں عوام کو ملی ہیں اور گلگت بلتستان میں آئینی انتظامی عدالتی اصلاحات کا کریڈٹ بھی پیپلز پارٹی کے سر جاتا ہے آئندہ بھی پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کو نہ صرف عبوری آئینی صوبہ بنائے گی بلکہ علاقے میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔