گلگت : حکومت گلگت بلتستان اور گوگل فار ایجوکیشن کے مابین ایک اہم مفاہمتی یاداشت پر دستخط کر دیئے گئے ہیں جس کے تحت گلگت بلتستان کے ہونہار طلباء، ٹیک فیلوز اور مقامی ٹیک کمپنیوں کو گوگل سرٹیفیکیشن کیلئے 25 سو سے زائد سکالرشپس فراہم کی جائینگی۔ ان سرٹیفیکیٹس میں گوگل آئی ٹی سپورٹ پروفیشنل سرٹیفکیٹ ،گوگل ڈیٹا اینالیٹکس پروفیشنل سرٹیفکیٹ ،گوگل پروجیکٹ مینجمنٹ پروفیشنل سرٹیفکیٹ ،Google UX ڈیزائن پروفیشنل سرٹیفکیٹ ،گوگل ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ای کامرس پروفیشنل سرٹیفکیٹ سمیت عالمی سطح پر منظور شدہ سرٹیفیکیٹ کورسز شامل ہیں۔
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی سے گوگل فار ایجوکیشن، پی بی ٹیک اور ٹیک ویلی پاکستان کے نمائندوں پر مشتمل گلوبل کنسورشیم نے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں گوگل کے تعاون سے گلگت بلتستان میں آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دینے کیلئے مختلف اہم منصوبوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی وضع کی گئی۔
چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی نے گوگل فار ایجوکیشن پائلٹ پروجیکٹ کو کامیابی سے مکمل کرنے پر ٹیک ویلی پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ اس پروجیکٹ کے تحت اساتذہ کو گوگل فار ایجوکیشن ٹولز پر تربیت دی گئی ہے، جو موجودہ تدریسی طریقہ ہائے کار میں جدت لانے میں مدد گار ثابت ہوگا۔ اجلاس میں سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری تعلیم، کمشنر دیامر استور ڈویژن ، ڈپٹی ڈائریکٹر EMIS، ڈپٹی سیکرٹری تعلیم بھی شریک تھے۔
مزید برآں، چیف سیکریٹری نے گلگت بلتستان میں گوگل کے سنٹر آف ایکسی لینس کے قیام پر بھی خوشی کا اظہار کیا جہاں اساتذہ کو ان کے نصاب کو ڈیجیٹائز کرنے، تدریسی طریقوں کو کروم بکس کے ساتھ مربوط کرنے اور موضوع پر مبنی ایپلی کیشنز سے فائدہ اٹھانے کی تربیت دی جائے گی۔ یہ منصوبہ خطے میں تعلیم کو قابل رسائی اور تکنیکی طور پر ترقی یافتہ بنانے کی جانب ایک قدم ہوگا۔
مقامی اور عالمی کنیکٹیویٹی پارٹنرز کی جانب سے گلگت بلتستان کے اسکولوں کے لیے انٹرنیٹ فراہمی کے مزید مواقع تلاش کرنے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں، جس سے خطے میں ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنے اور انٹرنیٹ کی سہولت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ گلگت بلتستان کی حکومت نے بھی گلگت بلتستان کے تعلیمی شعبے کو تبدیل کرنے کے لیے روڈ شوز اور اسٹیم سرگرمیوں کے انعقاد میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔ SPACE TEDDY نامی پروجیکٹوں میں سے ایک پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جو نوجوان طلباء کے لیے ان میں تخلیقی صلاحیتوں، مسائل کے حل اور تنقیدی سوچ کو ابھارنے کا پروگرام ہے۔ حکومت خطے میں تعلیم اور ٹیکنالوجی کو سب کے لیے قابل رسائی بنانے کے لیے مستقبل میں ٹیک جنات کے ساتھ مزید تعاون کی امید رکھتی ہے۔