اسلام آباد : حکومت گلگت بلتستان اور نیشنیل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد کے مابین شراکت داری کے ممکنہ شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے صوبائی سیکریٹریز کے ایک وفد کے ہمراہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنولوجی، اسلام آباد کا دورہ کیا۔ وفد کا نسٹ کے پرو ریکٹر برائے ریسرچ، انوویشن، اور کمرشلائزیشن آئیر وائس مارشل ( ر) ڈاکٹر رضوان ریاض ایس نے پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر ائیر وائس مارشل (ر) رضوان ریاض اور سکول آف الیکٹریکل انجینئرنگ اینڈ کمپیوٹر سائنس (SEECS) نے چیف سیکریٹری کو باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں بشمول انکیوبیشن، گلگت بلتستان میں پائیدار ترقی کے اقدامات اور نگرانی اور رپورٹنگ کے ڈیجیٹل امکانات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ گلگت بلتستان کے وفد کو نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنولوجی میں جاری مختلف منصوبوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی جن میں زراعت، جنگلات، تعلیم کے شعبوں میں مصنوعی ذہانت کا استعمال، گاڑیوں کی نگرانی اور نشریاتی ٹیلی ویژن اور سوشل میڈیا میں ڈیٹا اینالیٹکس کو بروئے کار لانے کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔بعد ازاں چیف سیکرٹری کو نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک اور سکول آف انٹر ڈسپلنری انجینئرنگ اینڈ سائنسز (SINES) کا دورہ بھی کرایا گیا جہاں انہوں نے پرنسپل نسٹ سکول آف الیکٹریکل انجینئرنگ اینڈ کمپیوٹر سائنس ائیر وائس مارشل ڈاکٹر محمد اجمل خان اور ڈاکٹر حماد چیمہ سے ملاقات بھی کی۔
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے نسٹ انتظامیہ کو حکومت گلگت بلتستان کی جانب سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں متعارف کرائے گئے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔گلگت بلتستان میں قائم متعدد آئی ٹی پارکس اور نسٹ کے مابین آئی ٹی کے شعبے میں اشتراک بڑھانے پر بھی اتفاق کا اظہار کیا گیا۔ نسٹ گلگت بلتستان کے پرائمری سکولوں میں طلباء کو مصنوعی ذہانت سکھانے، بوٹ کیمپوں کے ذریعے انٹرپرینورشپ کے مواقع بڑھانے اور مختلف اسٹارٹ اپس سے وابستہ نوجوانوں کی استعداد کار میں اضافے کیلئے تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
۔اس موقع پر عید الفطر کے بعد گلگت بلتستان میں نسٹ کی شراکت سے اسٹارٹ اپ ایکسپو کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔نسٹ گلگت بلتستان میں سکول مینجمنٹ سسٹم کی ترقی کیلئے بھی تعاون جاری رکھے گا۔ نسٹ کے تعاون سے خطے کے سکولوں اور کالجوں میں لنکن کارنرز بھی قائم کیے جائیں گے۔مزید برآں، NUST اعلیٰ سیاحتی مقامات کے ورچوئل ٹورز، فصلوں کی مربوط نگرانی، بائیو فرٹیلائزر کے آغاز، مٹی کی جانچ کے نظام کی فراہمی ، لائیو سٹاک مانیٹرنگ کے لئے تکنیکی مدد فراہم کرے گا۔زراعت اور مویشیوں کے لیے انٹرنیٹ آف تھنگز (IOTs) کے استعمال، جنگلات کی نگرانی، آبی وسائل کا تخمینہ لگانے، شہری ہوا کے معیار کی نگرانی کے ساتھ ساتھ نشریات اور سوشل میڈیا کے لیے ڈیٹا اینالیٹکس کے استعمال پر بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ان فیصلوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے نسٹ کے تکنیکی ماہرین کی ایک ٹیم مستقبل قریب میں گلگت بلتستان کا دورہ کرے گی۔ اس سلسلے میں حکومت گلگت بلتستان اور نسٹ کے درمیان لیٹر آف انڈرسٹینڈنگ پر دستخط کیے جائیں گے۔