اسلام آباد : حکومت گلگت بلتستان اور نیشنیل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد کے مابین مختلف شعبوں میں شراکت داری اور باہمی تعاون بڑھانے کیلئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کر دئیے گئے۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی کے ہمراہ صوبائی سیکریٹریز بھی موجود تھے۔ نسٹ کے مختلف شعبوں بشمول نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک ، نسٹ سکول آف الیکٹریکل انجینئرنگ اینڈ کمپیوٹر سائنس، سکول آف انٹر ڈسپلنری انجینئرنگ اینڈ سائنسز، نسٹ ایبل، نسٹ پروفیشنل ترقیاتی مرکز اور گلگت بلتستان حکومت کے مابین تعاون بڑھانے کیلئے گزشتہ روز چیف سیکریٹری گلگت بلتستان اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنولوجی کے پرو ریکٹر ائر وائس مارشل رضوان ریاض نے فوری طور اقدامات بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا تھا۔ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنولوجی گلگت بلتستان میں آئی ٹی کے شعبے کی ترقی اور طلباء کے استعداد کار میں اضافے کیلئے تربیتی پروگرام سمیت پرائمری سکولوں کے طلباء کو مصنوعی ذہانت سکھانے، انٹرپرینورشپ کے مواقع فراہم کرنے اور اسٹارٹ اپس ایکسپو کے انعقاد کیلئے تعاون فراہم کریگا۔ مزید برآں، نسٹ گلگت بلتستان کے اعلیٰ سیاحتی مقامات کیلئے ورچوئل ٹورز کے لیے تکنیکی مدد سمیت آفس آف سسٹین ایبلٹی کے تحت جنگلات کی نگرانی، آبی وسائل کا تخمینہ لگانے، اور شہری ہوا کے معیار کی نگرانی، اور نشریات اور سوشل میڈیا کے لیے ڈیٹا اینالیٹکس کے استعمال کیلئے تکنیکی سہولیات بہم پہنچائے گا۔ نسٹ اور گلگت بلتستان حکومت کے مابین کئے گئے مفاہمتی یاداشت کو عملی جامہ پہنانے کے لیے نسٹ کے تکنیکی ماہرین کی ایک ٹیم مستقبل قریب میں گلگت بلتستان کا دورہ کرے گی