گلگت:
قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت میں یوم حسین کا انعقاد۔ طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد شریک۔
قراقرم یونیورسٹی قوائد وضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مذہبی پروگرام منعقد کرنے والے7 طلبا کی داخلہ و رجسٹریشن معطل یونیورسٹی داخلے پر پابندی عائد
قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اجلاس میں شیخ الجامعہ کے ہمراہ یونیورسٹی کے سینئرا نتظامی وتدریسی افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں موجودہ صورت حال پر تفصیلی غور وخوض کیاگیا۔اجلاس میں ایپکس کمیٹی کے فیصلہکے مطابق تمام تعلیمی اداروں میں کسی قسم کی مذہبی،مسلکی اور سیاسی تقریب پابندی لگائی تھی۔ اس حوالے سے یونیورسٹی نے پہلے ہی نوٹیفکیشن کے ذریعے اپنی پالیسی کا اظہار کرتے ہوئے ایپکس کمیٹی کے فیصلے کے مطابق جامعہ میں مذہبی اورمسلکی تقریبات پر پابندی لگائی تھی۔ جس کے باوجود بھی چند طلبا نے یونیورسٹی میں مذہبی پروگرام منعقد کیا۔جس پر شیخ الجامعہ نے یونیورسٹی ڈسپلنری کمیٹی کو ایپکس کمیٹی کے فیصلے اور یونیورسٹی قوائد وضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مذہبی پروگرام منعقد کرنے والے طلبا کے خلاف کاروائی کرنے کے احکامات جاری کئے۔جس پر سیکورٹی سیکشن کی نشاندہی پر ڈائریکٹر سیکورٹی اور سیکورٹی آفیسر نے سات نام کمیٹی کے سامنے پیش کئے تھے۔ جنہوں نے مذہبی پروگرام کا انعقاد کرانے میں کردار ادا کیا۔ جس پرسٹوڈنٹ ڈسپلنری کمیٹی،پروکٹر کمیٹی اور پرووسٹ کمیٹی نے یونیورسٹی قوائد و ضوابط کے مطابق تادیبی کاروائی عمل میں لاتے ہوئے سات طلبا کے داخلہ و رجسٹریشن معطل کرنے سمیت یونیورسٹی داخلے پر پابندی عائد کردیا اور مزید کاروائی کے لیے ان کی کیس قراقرم انٹرنیشنل یونیوسٹی سٹوڈنٹ ڈسپلنری کمیٹی کے پاس بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ اس حوالے سے رجسٹرار آفس کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیاگیاہے۔رجسٹرار آفس سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جن سات طلبا کے داخلہ ورجسٹریشن معطل کیاگیاہے ان میں شعبہ بی بی اے مینجمنٹ سائنسز کے طالب علم عمار حسن ولد عبدالحسن رجسٹریشن نمبر 2019-kiu-bs-321،شعبہ بی ایس فارسٹری کے طالب علم سید فاتح محمد رضوی ولد محبوب علی شاہ رجسٹریشن نمبر 2020-kiu-bs-1997،بی ایس سوشیالوجی کے طالب علم راحت علی ولد محمد خلیل رجسٹریشن نمبر 2021-kiu-bs4922،بی ایس اکنامکس کے طالب علم وقار احمد ولد نذیر احمد رجسٹریشن نمبر 2023-kiu-1444،اظفر عباس ولد محمد جابر رجسٹریشن نمبر 2021-kiu-bs-4876،بی ایس سوشیالوجی کے طالب علم سعادت علی ولد شاہین خان رجسٹریشن نمبر 2020-kiu-bs1094،بی ایس آئی ٹی کے طالب علم علی شیر حیدری ولد اعظیم خان رجسٹریشن نمبر 2021-kiu-bs4793کے نام شامل ہیں۔اجلاس میں ڈائریکٹر سیکیورٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان فیصلوں پر سختی سے تعمیل کو یقینی بنائے جس میں ان طلباء کے کیمپس میں داخلے پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔شیخ الجامعہ نے اجلاس میں واضح کیا کہ یونیورسٹی میں امنِ عامہ کے قیام اور یونیورسٹی کے وقار کے حوالے سے کسی بھی طرح کا سمجھوتہ نہیں کیا جا ئے گا۔ یونیورسٹی میں پر امن تعلیمی وتحقیقی ماحول برقرار رکھناہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اجلاس میں وائس چانسلر نے جامعہ میں امن و بھائی چارگی کے فروغ کے لیے چھ رکنی کمیٹی کا بھی قیام عمل میں لایا جن میں پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد، ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر منظور علی،ڈائریکٹر پبلک ریلینشنز میرتعظیم اختر،رجسٹرار ڈاکٹر عبدالحمید لون،پرووسٹ ڈاکٹر قمر عباس،ڈائریکٹر اکیڈمک ڈاکٹر سجاد علی شامل ہیں۔ اجلاس میں کہاگیاکہ یونیورسٹی میں مکمل طور پر امن وامان کا فضاء قائم ہے اور کسی طرح کا نقص امن کا خطرہ نہیں ہے۔ طلبہ وطالبات کی کلاسز اپنے شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔لہذا طلبہ وطالبات کلاسز میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔جن طلبہ وطالبات کی حاضری 75فیصد سے کم ہوگی۔ان کو 20ستمبر سے شروع ہونے والے فرسٹ او ایچ ٹی(FIRST OHT)میں شامل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔