گلگت: ویب مانیٹرنگ
پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے طوفان پرجس طرح قابو پایا دنیا میں کوئی بھی ایسا نہیں کرسکا جب کہ مودی ہو یا ’’را‘‘ ہم دشمن کی چالوں کو اچھی طرح سمجھ گئے ہیں۔
جمعرات کے روزمقامی ہوٹل میں منعقد پاک چائنہ اقتصادری راہداری سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ گلگت بلتستان کوبہت اچھی طرح سمجھتا ہوں، یہاں کے لوگوں سے زیادہ جفا کش کوئی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی سیکیورٹی ہرقیمت پریقینی بنائیں گے جب کہ قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ ملک اورسرحدیں محفوظ ہیں، ہم ملکی سلامتی کے لیے آخری حد سے بھی آگے جائیں گے، دنیا کچھ بھی سمجھے یہ ہماری بقا کی جنگ ہے اور ہم اسی طرح لڑیں گے۔پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ پاک فوج آپ کی فوج ہے اور وہ سب کی بہتری کے لیے کام کررہی ہے، آپریشن ضرب عضب میں پیش رفت ہورہی ہے جب کہ کرپشن اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کو ہر قیمت اور ہرسطح پرتوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی ہو یا ’’را‘‘ دشمن کی چالوں کو اچھی طرح سمجھ گئے ہیں اور وہ سن لیں ہماری سرحدیں محفوظ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے طوفان پرجس طرح قابو پایا دنیا میں کوئی بھی ایسا نہیں کرسکا،
پورے یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ہم صحیح سمت میں جارہے ہیں جب کہ چینی قیادت چاہتی ہے کہ گلگت بلتستان کو اْرمچی کی طرح ترقی دیں
۔واضح رہے پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے منعقدہ 2روزہ کانفرنس میں قوامی اسمبلی کے ممبران و وزراء نے شرکت کی اور وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کو بھی اس کانفرنس میں شرکت کرنا تھا لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر وہ نہیں آسکے ۔