گلگت بلتستان کو زرعی شعبے میں خودکفیل بنانے کیلئے مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے 17 ارب کا ایفاد منصوبہ گلگت بلتستان کو دیا ہے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو زرعی شعبے میں خودکفیل بنانے کیلئے مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے 17 ارب کا ایفاد منصوبہ گلگت بلتستان کو دیا ہے جس کے تحت 8 لاکھ کنال زمین کو قابل کاشت بنائی جارہی ہے۔ پہلے مرحلے میں 4 اضلاع میں زمین کو قابل کاشت بناکر عوام کو دی جارہی ہے اس منصوبے کو بتدریج دیگر اضلاع تک وسعت دی جائے گی۔ لائیو سٹاک اور پولٹری کے شعبے کو فروغ دینے کیلئے بھی حکومت گلگت بلتستان اقدامات کررہی ہے اس حوالے سے خصوصی اصلاحات متعارف کرائے جائیں گے۔ زرعی ترقیاتی بینک اور حکومت گلگت بلتستان پولٹری اور ڈیری کے شعبے کو فروغ دینے کیلئے خصوصی پروگرام متعارف کرائے گی جس کیلئے سیکریٹری زراعت کو ہدایت کی ہے۔ گلگت بلتستان سی پیک کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل علاقہ ہے۔ زرعی ترقیاتی بینک (ZTBL) گلگت بلتستان میں کمپلیکس کی تعمیر اور نئے اضلاع خصوصاً نگر، داریل تانگیراور کھرمنگ میں برانچز قائم کرنے کیلئے فوری طور پر اقدامات کرے۔ زرعی ترقیاتی بینک میں سٹاف کی کمی کو دور کرنے کیلئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں تاکہ اس ادارے کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے زرعی ترقیاتی بینک کے صدر شیخ امان اللہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ گلگت بلتستان کے مقامی کاشت کاروں اور کسانوں کیلئے زرعی ترقیاتی بینک خصوصی پیکیجز متعارف کرائے تاکہ زرعی شعبے کے فروغ میں زرعی ترقیاتی بینک کا بھی نمایاں کردار ہو۔حکومت گلگت بلتستان نے پرائیویٹ سودی کاروبار کیخلاف قانون سازی کی ہے اور پرائیویٹ سودی کاروبار کرنے والوں کیخلاف پولیس اور انتظامیہ کارروائیاں کررہے ہیں۔ عوام کو وزیر اعلیٰ بلا سود قرضوں کے تحت مفت قرضے فراہم کئے جارہے ہیں جس کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ۔ اس موقع پر صدر زرعی ترقیاتی بینک شیخ امان اللہ نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کیلئے زراعت کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے اور ملکی معیشت میں زراعت کا جو مام ہے اس سے ہم سب باخبر ہیں اس کے علاوہ ملکی برآمدات میں بھی زرعی شعبے کا ایک اہم مقام ہے۔ گلگت میں بینک کی اے ٹی ایم کی تنصیب کسانوں کیلئے سہولت کیساتھ ساتھ بہت بڑی نعمت بھی ہے۔ اس اے ٹی ایم کے آغاز اور بینک کے بزنس ماڈل کی تبدیلی کا سہرا بینک کے قائم مقام صدر شیخ امان اللہ اور ان کی ٹیم کی انتھک محنت اور کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ زرعی ترقیاتی بینک قومی مالیاتی شمولیت کی حکمت عملی کے تحت کمپیوٹرائز طریقہ سے رقوم کی ادائیگی، ڈیپازٹ اکٹھا کرنا، اسلامی بینکاری کے فروغ اور ویئر ہاوس رسید فنانسنگ کیلئے کولیٹرل مینجمنٹ کمپنیوں کے دائرہ کار کو بڑھانے اور قانونی اصلاحات نافذ کروانے جیسے اقدامات میں اپنی شمولیت یقینی بنارہاہے جو مثبت اقدام ہے۔ زرعی ترقیاتی بینک انتہائی موثر انداز سے بروقت اے ٹی ایم اور Debit Card کے اجراء اور اسلامی بینکاری جیسے اقدامات اٹھارہاہے اور یہ اقدامات ملکی آبادی کے ایک بڑے حصے کیلئے مفید و معاون ثابت ہوں گے کیوں کہ ہماری بہت بڑی آبادی دیہات پر مشتمل ہے اور یقیناًیہ اقدامات اس بڑی آبادی کیلئے سود مند ثابت ہوں گے کیوں کہ وہ بینک کے نئے اقدامات میں شامل ہوکر اپنی زراعت سے متعلق ضروریات پوری کرسکیں گے اور امید کرتا ہوں کہ اے ٹی ایم کا آغاز زرعی سرمایہ کاری کی بنیادی اہمیت کو موثر انداز میں جلابخشے گا اور چھوٹے کاشتکاروں کی خوشحالی میں ا ہم کردار ادا کرے گا اور خاص طور پر پسماندہ علاقوں میں تو اے ٹی ایم کی اہمیت اور بھی زیادہ محسوس ہوتی ہے۔ بینک اپنی (AAA/A-1+)کی ریٹنگ کو پچھلے پانچ سالوں سے برقرار رکھے ہوئے ہیں جوکہ بینک کی کارکردگی اور مالی پوزیشن مستحکم ہونے کا ثبوت ہے اور یہ اقدامات اس چیز کو بھی عیاں کرتے ہیں کہ بینک چھوٹے کاشتکاروں کو ان کی دہلیز تک سہولتیں بہم پہنچانے کیلئے کس قدر سرگرم عمل ہے۔ زرعی ترقیاتی بینک کے صدر شیخ امان اللہ نے کہا کہ ہم چھوٹے کسانوں کو زراعت سے متعلق بنیادی سہولتیں بہم پہنچانے کیلئے پج گلگت میں پہلی اے ٹی ایم نصب کررہے ہیں جس کے ذریعے چھوٹے کسان اپنی زرعی ضروریات بروقت حاصل کرکے اپنے لئے اور ملکی معیشت کی ترقی میں موثر کردار ادا کرسکیں گے۔ بینک سالانہ تقریباً 4 لاکھ کسانوں اور ان سے منسلک لوگوں کو زرعی شعبے میں قرضہ جات کی فراہمی بینکاری کی خدمات اور زرعی تکنیکی سہولیات بہم پہنچارہا ہے۔ میں نے اور میری ٹیم نے بینک کی تری اور وصولیوں کے نظام کو موثر بنانے کیلئے دن رات خلوص نیت کیساتھ کام کیا ہے تاکہ بینک مضبوط اور مستحکم مالی پوزیشن حاصل کرسکے اور الحمداللہ آج ہم اس میں کامیابی کی منازل طے کررہے ہیں۔

Sharing is caring!

About admin

Daily Mountain Pass Gilgit Baltistan providing latest authentic News. Mountain GB published Epaper too.