وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگوں نے دہشتگردی کو مسترد کردیا اور خطے کو امن کا گہوارہ بنا یا ہے،گلگت بلتستان کے لوگ روایتی لباس کے ساتھ ساتھ تہذیب، ہنر مندی اور سلیقہ مندی کی بھی نمائندگی کرتے ہیں،گلگت بلتستان کے لباس، زبان اور موسیقی ہرچیز قابل تعریف ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاک چین اقتصادی راہداری کا آغاز گلگت بلتستان سے ہورہا ہے جو معیشت کی ترقی کےلئے پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ وہ اتوار کو پی این سی اے میں گلگت بلتستان کے یوم آزادی کی تقریب کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان ، گلگت بلتستان کے وزراءاور اراکین اسمبلی، مختلف ممالک کے سفیر، ٹورازم ڈیپارٹمنٹ اور مختلف یونیورسٹیوں کے طلباءو طالبات موجود تھے۔
|