اسلام آباد۔ گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان نے وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز سے ملاقات کی ۔ملاقات میں چائنا راہداری منصوبے اور گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کے حوالے سے گلگت بلتستا ن کے عوام کی خواہشات اور مطالبات سے آگاہ کیا ۔
گورنر گلگت بلتستان نے سرتاج عزیز سے گفتگو کے دوران گلگت بلتستا ن کے سیاسی اور انتظامی تاریخ سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے 28ہزار مربع میل کے اس علاقے کو گلگت بلتستان کے دلیر عوام نے خود آزاد کروایا اور بغیر کسی شرط کے وطن عزیز پاکستان کے ساتھ الحاق کیا اور گلگت بلتستا ن کی عوام پاکستان سے بے تحاشا محبت کرتے ہیں ۔گورنر گلگت بلتستان نے درخواست کی کہ گلگت بلتستان کو ایسا آئینی پیکیج دیا جائے جو گلگت بلتستان کے عوام کی ترجمانی کرے ۔ اس موقع پر سرتاج عزیز نے یقین دلایا کہ گلگت بلتستان کو ایسا پیکیج دیا جائے گا جس سے عوام مطمعین ہونگے اور گلگت بلتستان کو اس پیکیج کے علاوہ مالیاتی اداروں میں بھی نمائندگی دی جائے گی۔
گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان نے وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز سے کہا کہ چائنا سے اچھے روابط رکھنے اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے افراد کے آسان رسائی کے لیئے صوبہ سنکیانگ میں پاکستانی قونصل خانہ اور گلگت میں چائنا قونصل خانہ بنانے کی ضرورت ہے جس پر سرتاج عزیز نے کہا کہ متعلقہ سفارخانوں کیساتھ بات کر کے جلد از جلد قونصل خانے بنائے جائینگے۔ گورنر گلگت بلتستان کی طرف سے علاقائی تجارت کے حوالے سے درخواست پر سرتاج عزیز نے کہا کہ گلگت بلتستان کے علاقائی پیداوار کو چائنا برآمد کرنے لیئے حکومت چائنا کے ساتھ بات کر کے اقدامات اُٹھائینگے تاکہ گلگت بلتستان کے عوام علاقائی پیداور کے ذریعے خود کفیل ہوسکیں اور علاقائی پھلوں کو بین الاقوامی منڈی میں فروغ ملے اور گلگت بلتستان کے ثقافت اور سیاحت کو اجا گر کرنے کے لیئے وفاقی حکومت سفارخانوں کے ساتھ رابطے کریگی ۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز اور گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان نے چائنا راہداری کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بونجی ٹنل ، گلگت سکردو روڑ اور عطاء آباد ڈیم کو سی پیک کے پروجیکٹس میں شامل کیا جائے گا اور حکومت چائنا کے ساتھ بات کرکے خنجراب چائنا سے ہنزہ علی آباد تک 10میگا واٹ بجلی فراہم کیا جائیگا تاکہ ضلع ہنزہ میں لوڈشیڈنگ کو ختم کیا جا سکے