پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ پختون تحفظ موومنٹ کو شک کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں، لیکن وہ اس نوجوان قیادت کو امید کی نظر سے دیکھتے ہیں۔
اسلام آباد میں بی بی سی اردو سے خصوصی بات چیت میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ’پیپلز پارٹی نے ہر مسئلے پر آواز بلند کی ہے اور سچ کا ساتھ دیا ہے۔ پی ٹی ایم کے قیام سے پہلے بھی میں لاپتہ افراد کے بارے میں، انسانی حقوق، قانون کی بالا دستی اور پارلیمان کے حاکمیت کی بات کرتا تھا، اب اگر پشتون تحفظ موومنٹ بھی ان نکات پر بات کر رہی ہے تو انھیں نظر انداز تو نہیں کیا جا سکتا۔‘
بلاول بھٹو نے کہا کہ فاٹا کے بارے میں دنیا کہا کرتی تھی کہ یہ انتہاپسندوں کی آماجگاہ ہے، لیکن آج وہاں سے نوجوان جمہوریت،آئین و قانون کی بات کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شورش زدہ علاقوں سے اٹھنے والی جمہوری آوازوں کو بڑھاوا دینا چاہیے نا کہ انھیں دیوار کے ساتھ لگایا جائے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ اگر نیشنل ایکشن پلان پر بروقت عمل درآمد کیا گیا ہوتا تو آج دنیا میں پاکستان کی پوزیشن کچھ اور ہوتی۔
’انڈیا کے پاس ہم پر انتہاپسندی کے الزامات لگانے کا جواز نہ ہوتا اور ہمارے پاس دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لیے انتہاپسندوں کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کا ثبوت بھی موجود ہوتا۔‘
انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع پلوامہ میں خودکش حملے کے بعد انڈیا نے پاکستان پر ایک بار پھر انتہا پسند عناصر کی پشت پناہی کا الزام لگایا ہے۔
اس الزام کے بعد پاکستان میں کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن بھی شروع ہوا ہے تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ وہ یہ سب کسی دباؤ کے نتیجے میں نہیں کر رہی اور شدت پسندی کرنے والے پاکستان کے دشمن ہیں۔