جی بی میں ترقی پسندوں اور ترقی مخالف قوتوں کا مقابلہ ہے ،شمس میر
پیپلزپارٹی کے اس 4 کے گینگ نے سیاست سے خوب مال بنایا ہے،ہم اللہ اور مخلوق کے سامنے سرخرو ہوئے ہیں،مشیر اطلاعات
گلگت(مونٹین پاس نیوز)مشیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں ترقی پسندوں اور ترقی مخالف قوتوں کا مقابلہ ہے۔مسلم لیگ ن ترقی پسندوں کی جماعت ہے جنھوں نے اپنی کارکردگی سے گلگت بلتستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جبکہ امجد ایڈوکیٹ،جمیل احمد،جاوید حسین اور مہدی شاہ جیسے لوگوں نے پیپلزپارٹی کو ترقی مخالف گروہ بنادیا ہے۔یہ وہی لوگ ہیں جنھوں نے منصوبوں کے نام پر کروڑوں ہڑپ کئیے،گلگت بلتستان کی گندم سے لیکر نوکریوں کی فروخت سے مال بنایا۔پیپلز پارٹی کا یہ چار کا ٹولہ گلگت بلتستان کا سوداگر ہے اور مال بناو تحریک کا سرغنہ ہے جو گلگت بلتستان کو اپنے مفادات کیلئے بیچ دیگا۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کا یہ 4 کا ٹولہسے عوام اس گینگ سے ہوشیار رہیں۔مشیر اطلاعات نے کہا شمس میر نے ساری زندگی سیاست کی اور اعلی عہدوں پر فائز رہنے کے باوجودآج تک ایک NCP گاڑی تک خرید نہ سکا جبکہ پیپلز پارٹی کا یہ چار کا ٹولہ کروڑوں نہیں ارب پتی ہے۔ان کی جائیدادیں اربوں میں ہیں۔مشیر اطلاعات شمس میر نے مزید کہا کہ ہم نے سیاست عزت،خدمت اور عبادت کے جزبے سے کی ہے اور اسی جزبے سے عزت سادات بنائی ہے جبکہ پیپلزپارٹی کے اس 4 کے گینگ نے سیاست سے خوب مال بنایا ہے۔ہم اللہ اور مخلوق کے سامنے سرخرو ہوئے ہیں اور ان کا معاملہ اللہ اور عوام کے سپرد کیا ہے۔پیپلز پارٹی کا ماضی یہ ہے کہ ان کے پاس سائیکل تک نہیں ہوتی تھی مگر یہ آج مہنگی ترین گاڑیوں،پیٹرول پمپوں،گلگت اسلام آباد اور کئی جگہوں پر مہنگی جائیدادوں کے مالک ہیں۔گزشتہ 5 سال میں اس چار کے ٹولے نے گلگت بلتستان کا خزانہ اس طرح لوٹا تھا کہ نیشنل بنک نے اپنے دروازے پر اشتہار لگادیا تھا کہ تنخواہوں اور پنشن کیلئے رقم نہیں۔گلگت بلتستان کو دیوالیہ بنانے والے آج مجھے تنخواہ دار منشی کہتے ہیں تو یہ فخر کی بات ہے کیونکہ ہم ایک آئینی عہدے پر فائز ہیں اور عوام کے اعتماد سے 2015ء میں ان کو شکست دے کر دو تہائی اکثریت سے ایوان میں بیٹھے ہیں حلال کی تنخواہ لیتے ہیں اور اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔اس چار کے ٹولے کی طرح گلگت بلتستان کو لوٹ کر،سبسڈی کی گندم،سوست کے کنٹینرز،ٹھیکوں کی لوٹ مار اور نوکریوں کی نیلامی سے حرام کا پیسہ نہیں بنایا۔مشیر اطلاعات شمس میر نے کہا کہ گلگت بلتستان کو لوٹنے والے لٹیرے حلال کی تنخواہ لینے والے کو طعنہ دے رہے ہیں ان کی کم ظرفی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کا خزانہ لوٹ کر کروڑ پتی بننے والے یہ بہروپئے حلال کی تنخواہ لینے والوں کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔مشیر اطلاعات شمس میر نے کہا کہ وزیر اعلی حافظ حفیظ الرحمن، نواز شریف اور مسلم لیگ ن نے گلگت بلتستان کو تعمیر و ترقی کا حقیقی چہرہ دکھایا ہے ورنہ پیپلز پارٹی کے اس 4 کے ٹولے نے گلگت بلتستان کا چہرہ اپنی لوٹ مار، بدامنی اور ترقی مخالف گزشتہ 5 سالہ PPPحکومت سے مسخ کردیا تھا۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ ٹھیکیدار جمیل احمد یہ بتائیں کہ ان کی کمپنی بلیک لسٹ انڈیا سے جنگ کرکے ہوئی ہے یا ٹھیکوں میں میگا کرپشن کی وجہ سے ہوئی ہے۔عوام جواب چاہتی ہے۔