گلگت بلتستان میں پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے لئے اقدامات کا آغاز

گلگت۔
حکومت گلگت بلتستان کی جانب سے ساتویں خانہ و مردم شماری (پہلی ڈیجیٹل مردم شماری) کے آغاز کیلئے اقدامات شروع کردئیے گئے۔اس حوالے سے پاکستان ادارہ شماریات کے حکام کی جانب سے گلگت اور دیامر استور ڈویژنز کے سینسز عملے کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان اقبال حسین خان نے گلگت بلتستان میں پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے حوالے سے منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری ایک قومی فریضہ ہے جسے پوری سنجیدگی کے ساتھ انجام دینا ہے۔حکومت گلگت بلتستان شیڈول کے مطابق مردم شماری کے عمل کو مکمل کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کرے گی۔
سیکریٹری داخلہ اقبال حسین نے ساتویں خانہ و مردم شماری سے متعلق منعقدہ ورکشاپ میں تربیت لینے والے سرکاری آفیسران و دیگر کو مردم شماری کی اہمیت،زمہ داری اور قومی فریضہ سے متعلق خصوصی ہدایات بھی دیں اور کہا کہ دوران مردم شماری کسی بھی اہم معلومات لینے میں کوتاہی نہ برتی جائے،سو فیصد درست معلومات لینے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز کردیا گیا ہے،گلگت بلتستان میں بھی یہ عمل پوری جانفشانی کے ساتھ شروع کیا جائے گا۔اس موقع پر سیکریٹری داخلہ نے مذید کہا کہ مردم شماری میں درپیش مشکلات کے حل کیلئے محکمہ داخلہ گلگت بلتستان کی جانب سے ہر ممکن اقدامات کیئے جائیں گے۔تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو مردم شماری کے عمل میں مصروف عملے کے ساتھ ہرممکن تعاون کرنے کی ہدایات پیشگی دیئے جا چکے ہیں۔متعلقہ ضلع کا ڈپٹی کمشنر اس ضلع کا انچارج ہیں،مردم شماری کے عمل میں ہرممکن تعاون کریں گے۔۔سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان نے متعلقہ آفیسران کو مردم شماری کے عمل کو پوری دلجمعی اور سنجیدگی کے ساتھ انجام دینے پر زور دیا۔انہوں نے دوران مردم شماری بہت احتیاط سے کام لینے کی بھی ہدایت کی تاکہ کوئی بھی معلومات رہ نہ جائے۔

Sharing is caring!

About Samar Abbas Qazafi

Samar Abbas Qazafi is Cheif Editor / Owner of Daily Mountain Pass Gilgit Baltistan