بنکاک (نیوز ڈیسک) داعش کے خلاف روس کی جنگی کارروائی کے آغاز کے بعد ناصرف روس میں بلکہ دیگر ممالک میں بھی روس سے متعلقہ جگہوں یا افرد کو نشانہ بنائے جانے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ کچھ ایسا ہی خطرہ تھائی لینڈ پر بھی منڈلانے لگا ہے جسے روسی خفیہ ایجنسی نے خبردار کردیا ہے کہ داعش کے 10 جنگجواس ملک میں داخل ہوچکے ہیں اور اہم مقامات کو کسی بھی وقت نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔
تھائی لینڈ میں اس سے پہلے داعش کی موجودگی کے بہت کم شواہد موجود تھے لیکن روسی خفیہ ایجنسی کی طرف سے دی گئی وارننگ کے بعد تھائی حکومت بھی تشویش میں مبتلا ہوگئی ہے اور ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ا س سے پہلے یہ اطلاعات بھی سامنے آچکی ہیں کہ فرانس کے بعد داعش برطانیہ کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ داعش کے ایک سوشل میڈیا بیان میں جنوبی ایشیا کے ممالک کو بھی دھمکی دی گئی ہے۔
وسری جانب یہ اطلاعات بھی ہیں کہ پیرس حملوں کے بعد داعش کے خلاف مغربی ممالک کی طرف سے ایک بڑے آپریشن کی تیاری کی جارہی ہے اور غالباً اسی خطرے کے پیش نظر داعش کی طرف سے دنیا بھر کے ممالک کو دھمکیاں دینے کا سلسلہ تیز ہوچکا ہے۔