گلگت (پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئررہنما جاوید حسین نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور اس عظیم منصوبے کی تعمیر اور تکمیل کے لئے گلگت بلتستان کے عوام کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ پاکستان کی مضبوطی ، تعمیر و ترقی اور معیشت کی بہتری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی مکمل حمایت ہر پاکستانی شہری کا فرض بنتا ہے انہوںنے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل سے پاکستان کی معیشت ناقابل تسخیر بن جائیگی انہوںنے کہا کہ شہید زوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کے عمل کا آغاز کیا اور پاکستان پیپلز پارٹی نے پاکستان کی معیشت کی مضبوطی کے لئے چین کے ساتھ اقتصادی راہداری منصوبے کی بنیاد رکھی اور پاکستان پیپلز پارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے ایٹمی پروگرام جبکہ معاشی طور پر ناقابل تسخیر بنانے کے لئے اقتصادی منصوبے کا تصور دیا جو پاکستان پیپلزپارٹی کی وطن عزیز پاکستان کے ساتھ محبت اور حب الوطنی کا ثبوت ہے جاوید حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے دفاع وطن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور انشاءاللہ اقتصادی راہداری منصوبہ جو پاکستان کی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اقتصادی راہداری کی تکمیل کے لئے بھی کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے انہوںنے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اقتصادی راہداری منصوبے اور آئینی حقوق کے حوالے سے گلگت بلتستان کے عوام کے تحفظات دور کئے جائیں تاکہ اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف سازشیں کرنے والے عناصر کے عزائم کو ناکام بنایا جاسکے ۔